کراچی پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملے کے بعد پھر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی

سرچ آپریشن کے دور ان کالعدم تنظیموں کے پانچ مبینہ دہشتگرد مارے گئے  علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا

اتوار 22 مارچ 2015 14:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) کراچی میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملے کے بعد ایک بار پھر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔کراچی پولیس نے دعویٰ کیا کہ اورنگی ٹاؤن اور منگھو پیر کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ۔پولیس نے کہا کہ انھوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر منگھوپیر کے علاقے ایم پی آر کالونی میں سرچ آپریشن شروع کیا اور اس دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔

اورنگی ٹاون کے ایس پی علی آصف کا کہنا ہے کہ پولیس سے دہشت گردوں کے مسلح مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعدد کلاشن کوف اور ٹی ٹی پسٹل برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کی شناخت نعمان سواتی، زاہد شاہ اور خالد خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب اورنگی کے علاقے طوری بنگش کالونی میں پولیس کے کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ۔کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج مظہر مشوانی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے علاقے کے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لینے کا سلسلہ جاری تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ان پر حملہ کیا گیاپولیس کی جوابی کارروائی میں دو مبینہ دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے تاہم رات گئے تک ہلاک اور گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

مظہر مشوانی نے کہاکہ اس سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے اور انھیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ادھر کراچی میں گذشتہ روز سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ٹارگیٹڈ آپریشن میں تیزی آگئی ہے۔پولیس اور رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں پی آئی بی کالونی، بلدیہ ٹاوٴن، اورنگی ٹاوٴن اور بفرزون سمیت دیگر میں رات بھر سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ افراد سمیت درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ۔

رپورٹ کے مطابق رینجرز کی جانب سے پی آئی بی کالونی میں ٹارگیٹڈ آپریشن رات بھر جاری رہا اور گھرگھر تلاشی کے دوران متعدد مشکوک افراد کوحراست میں لیاگیا۔دوسری جانب پولیس کی جانب سے بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاون فرید کالونی اور پیرآباد میں سرچ آپریشن کے دوران 39 مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا ۔پولیس کا دعویٰ ہے کے ان گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد میں کالعدم تنظیموں کے متعدد کارکن بھی شامل ہیں جن پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں اور ان سے سرچ اآپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔کراچی ایسٹ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ٹارگٹ کلر سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ کلفٹن میں پولیس مقابلے کے بعد دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :