اوپن یونیورسٹی میں فزکس پر قومی سیمینار 6 اپریل کو ہوگا

اتوار 22 مارچ 2015 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فزکس اور ایمرجنگ سائنسسز پر قومی سیمینار 6 اور7 اپریل کو منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے 200 سے زائد ماہرین طبیعات شرکت کریں گے جونہ صرف شعبہ فزکس میں اپنے تجربات کا باہمی تبادلہ کریں گے بلکہ مشترکہ طور پر فزکس اور ایمرجنگ سائنسسز کے فروغ کے لئے سفارشات تیار کریں گے"ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے شعبہ فزکس کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔

ڈاکٹرصدیقی نے کہا کہ اپریل میں منعقد ہونے والا فزکس اور ایمرجنگ سائنسسز پر قومی سیمینار اپنی نوعیت کا تیسرا سیمینار ہوگا جویونیورسٹی کا شعبہ فزکس نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد کرتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کے لئے ایک پلیٹ فارم ثابت ہوگا جو اپنے ریسرچ ورک کو آپس میں شئیر کرنے کے علاوہ ملک کے نامور سائنسدانوں سے طبیعات اور دیگر علوم میں جدید تحقیق کے بارے میں سیکھیں گے۔

ڈاکٹر صدیقی نے اس موقع پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آئندہ سمسٹر سے فزکس  شماریات اور ریاضی میں چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرے گی  اس سلسلے میں فوری طور پر ابتدائی کام شروع کرنے کے لئے فیکلٹی آف سائنس کو ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سائنس فیکلٹی مائیکرو بیالوجی اور کیمسٹری میں چار سالہ بی ایس پروگرام پہلے ہی شروع کرچکی ہے۔