عوام جمہوریت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر دیں، ریاست کی طاقت عوام کی امنگوں سے ہوتی ہے، بندوق کی نالی سے نہیں، ہمیں ان اصولوں کے لئے خود کو وقف کر دینا چاہیے جن کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا،پاکستان جمہوریت، قانون کی حکمرانی، آئین کی عملداری اور شہریوں کی برابری کے اصول پر بنایا گیا ، عوام کبھی انتہاپسندوں کا ایجنڈا قبول نہیں کریں گے

سابق صدر آصف علی زرداری کا 75ویں یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

اتوار 22 مارچ 2015 14:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے عوام سے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر دیں، ریاست کی طاقت عوام کی امنگوں سے ہوتی ہے، بندوق کی نالی سے نہیں، ہمیں ان اصولوں کے لئے خود کو وقف کر دینا چاہیے جن کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا،پاکستان جمہوریت، قانون کی حکمرانی، آئین کی عملداری اور تمام شہریوں کی برابری کے اصول پر بنایا گیا تھا، پاکستان کے عوام کبھی بھی انتہاپسندوں کا ایجنڈا قبول نہیں کریں گے ۔

75ویں یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہو جانا چاہیے کہ پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام کی اجتماعی خواہشات اور امنگوں میں مضمر ہے نہ کہ بندوق کی نالی میں یا کسی خودپسند کے حکم پر عوام کو زندگیاں گزارنے پر مجبور کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس روز ہمیں 23مارچ 1940ء کو تاریخی قرارداد پاکستان میں کئے گئے وعدے کو بھی یاد رکھنا پڑے گا جس میں کہا گیا تھا کہ غیرمسلم اقلیتوں کے مذہبی، ثقافتی اور سیاسی حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور اس سلسلے میں ان سے مشورہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیرمسلموں کے خلاف عدم برداشت کے مختلف واقعات اور کچھ قوانین کا غلط استعمال ان کے خلاف کیا جانا انتہائی متفکر کردینے والامعاملہ ہے اور ہمیں برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ آج کے روز ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے ان وعدوں کو بھی یاد رکھنا ہوگا کہ ریاست کے غیرمسلم شہریوں کے حقوق اور ان کے مفادات کا تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر چلنے کی کوششوں میں کامیابی عطا فرمائے۔