75واں یوم پاکستان (کل) ملی جوش و جذبے سے منایا جائیگا،وفاقی دارالحکومت میں سات سال بعد فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جائیگا

چاروں صوبوں میں خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ،قومی پرچم لہرائے جائیں گے وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائیگی بانی پاکستان اور شاعر مشرق کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہوں گی

اتوار 22 مارچ 2015 11:31

اسلام آباد/لاہور/کراچی /پشاور/کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) 75واں یوم پاکستان )کل( 23مارچ(سوموار) کو ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ۔ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق آج یوم پاکستان کے موقع پر عام تعطیل ہو گی ۔ اس دن کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ صبح کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوگا جس میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی اور امن و امان کے لئے دعائیں مانگی جائیں گی ۔بعد ازاں تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران شہادت پانے والوں کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت سے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح جبکہ لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال  کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہو ں گی۔علاوہ ازیں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے بھی اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں قرار داد پاکستان کے حوالے سے تجدید عہد کیا جائے گا۔وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کے موقع پر سات سال بعد وفاقی دارالحکومت میں فوجی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تینوں مسلح افواج کے دستے شرکت کریں گے۔

یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت کئی ممالک کے سفراء بھی شریک ہوں گے ۔صوبائی دارالحکومت لاہورمیں عزم پاکستان پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جسکے لئے گزشتہ روز فل ڈریس ریہرسل کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :