مسترد شدہ سیاسی مداریوں نے ایک مرتبہ پھر میڈیا کا رخ کرلیا،عبد الرزاق،

لندن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں نے اپنے کارکنوں کے لئے قبریں کھودیں،امیرجماعت اسلامی ضلع غربی

ہفتہ 21 مارچ 2015 23:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21مارچ۔2015ء)امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان ،چیئرمین پبلک ایڈ کمیٹی مولانا فضل احد، وائس چیئرمین گل رحیم، نواز عباسی، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں امن کی ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی عوام میں اپنی کوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کے لئے مسترد شدہ سیاسی مداریوں نے ایک مرتبہ پھر میڈیا کا رخ کرلیا ہے ۔

آج مختلف ٹاک شوز میں ایک دوسرے پر تنقید کرنے والے اور 90، مردان ہاؤس ، بلاول ہاؤس اور گورنر ہاؤس میں مل بیٹھ کر دعوتیں اڑانے والے نورا کشتی کھیل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے نام پر بھتہ خوری ، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کو فروغ دینے والوں کوان کے ہی کارکنوں نے بے نقاب کردیا ہے۔

(جاری ہے)

سانحہ 12 مئی کے شہدا کے خون کا سودا کرنے والوں کو عوام نے پہچان لیا ہے اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر انہی لوگوں نے کراچی کے عوام سے جینے کا حق چھین لیا تھا اور کراچی کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سالہ مفاہمتی سیاسی دور پاکستان اور با لخصوص کراچی کی تاریخ کا تاریک ترین دور ہے جس میں ہزاروں بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔بڑے عرصے بعد کراچی میں امن کا سورج طلوع ہونے کو ہے ایسے میں اگرشہر کا امن تباہ کرنے والے عناصر کو معاف کیا گیا تو تاریخ حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ کراچی میں کسی ایک سیاسی جماعت کے لوگوں پر ظلم نہیں ہوا بلکہ تمام سیاسی و دینی جماعتوں کو نشانہ بنایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ لندن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے خود ہی اپنے کارکنوں کے لئے قبریں کھودتے رہے اور واویلا مچاکر حکومتی سرپرستی میں مال بناتے رہے۔ کراچی کو لسانی اکائیوں میں تقسیم کرنے والے در پردہ ایک دوسرے کے ہمدرد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ظلم کے بازار کو سجانے والوں کا قلع قمع کرے ۔ عسکری حکام اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرکے مفاہمت کے نام پر خون کی ہولی کھیلنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرے ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہم عوام کو اس ظالمانہ نظام سے نجات دلا کر دم لیں گے ۔جماعت اسلامی روز اول سے ظلم کے اس نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کر چکی ہے، وہ وقت دور نہیں کہ شہر کراچی سمیت پورا ملک امن کا گہوارہ ہوگا ۔