حال ہی میں ایک سیاسی پارٹی کی طرف سے قومی وطن پارٹی پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی گئی ہے،طارق احمد خان،

پختون قوم کے سروں کا سودا ڈالروں میں کرنے اور خطے کو لالچ اور ڈالروں کے عوض خون میں نہلانے والوں کو کیا پختون قوم بھول گئی ہے،ترجمان قومی وطن پارٹی

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:47

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی ترجمان طارق احمد خان نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ حال ہی میں بعض قومی اخباروں میں ایک سیاسی پارٹی کی طرف سے قومی وطن پارٹی پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی ہے کیونکہ وہ اس غلط فہمی میں مبتلا ہے کہ پختون قوم کے سروں کا سودا ڈالروں میں کرنے اور اس خطے کو لالچ اور ڈالروں کے عوض خون میں نہلانے والوں کو کیا پختون قوم بھول گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مذکورہ عہدیدار نہ صرف سیاست میں نووارد ہے بلکہ اپنے آباو اجداد کے ہڈیوں کو ڈالروں میں نیلام کرکے نودولتی بھی بن چکا ہے۔قومی وطن پارٹی کے ملی رہبر اور مرکزی چےئرمین کی سیاسی بصیرت اور حالات سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایک دھماکے سے اپنے گھر بار ترک کرنااور سیاست سے توبہ تائب ہونا پختون قوم کے ماتھے پر ہمیشہ ایک بد نما داغ رہے گاجس سے ساری دنیابخوبی آگاہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب بھی کرپشن کے الزام میں اس سیاسی پارٹی کے اہم سیاسی رہنما پابند سلاسل ہے جو کسی ڈھکی چھپی نہیں۔قومی وطن پارٹی کی لیڈر شپ نے ہمیشہ اصولوں کی پاسداری کی ہے اور اس ضمن میں تاریخ ان کی اصولی موقف کی گواہ ہے۔انھوں نے متنبہ کیا کہ ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے ورنہ یہ نام نہاد سیاسی بونے عوام کے سامنے اپنی منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پختون قوم اس وقت تاریخ کے جس مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے اس کی ساری ذمہ داری بھی ان نام نہاد پختون قوم پرستوں پر عائد ہوتی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ پختون قوم قومی وطن پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہوکر ملی رہبرآفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت میں خطے میں امن ،ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :