گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو ہر لحاظ سے جدید اور ماڈل انڈسٹریل اسٹیٹ بنائے جائیگا ، اسد قیصر،

اس مقصد کیلئے ساڑھے چودہ کروڑ روپے ریلیز ہوگئے ہیں،تقاریب سے خطاب

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:47

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء)سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کو ہر لحاظ سے جدید اور ماڈل انڈسٹریل اسٹیٹ بنائے جائیگا اور اس مقصد کیلئے ساڑھے چودہ کروڑ روپے ریلیز ہوگئے ہیں وہ ٹوپی صوابی میں گدون عمازئی انڈسٹریل اسٹیٹ روڈ اور مینئے روڈ کے تعمیرات کام کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر حاجی رنگیز خان‘ سہیل یوسفزئی‘ الطاف حسین‘ انور حقداد خان‘ محمد شہزاد‘ شاہد زمان یوسفزئی اور یوسف علی کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے منظور شدہ ساڑھے چودہ کروڑ روپے کیلئے ٹینڈرنگ پراسیس اب شروع ہوگا انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کے محروم علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی سے متعلق گزشتہ چند دنوں میں سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے مسلسل دو اجلاس ہوچکے ہیں اور ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت سوئی گیس سے محروم علاقوں کو سوئی گیس فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تربیلہ صوابی ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کیلئے انہوں نے اپنے فنڈز سے مزید 21 لاکھ روپے جمع کرائیں ہیں انہوں نے کہا کہ تربیلہ صوابی لائن پر کام تقریباً فائنل ہے اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں اس لائن پر بجلی چالو کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بجلی کے مختلف منصوبوں کیلئے کروڑوں روپے پہلے ہی جمع کرا رکھیں ہیں ۔

سپیکر اسد قیصر نے صوابی میں خواتین یونیورسٹی‘ سپورٹس کمپلیکس پر میڈیکل کالج اور ہسپتالوں سمیت مختلف منصوبوں کی اجراء سے علاقہ سے روائیتی سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے روایتی سیاستدانوں میں اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ یہ تبدیلی کا دور ہے اور اس کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ ان کا بھائی اس وقت حوالات میں ہے اور ان کے بھائی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے جبکہ وہ سپیکر ہوتے ہوئے بھی اس معاملے میں بلکل مداخلت نہیں کر رہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایزی لوڈ‘ ایس ایم ایس‘ رشوت اور کمیشن اور دھونس اور دھاندلی کا دور گزر چکا ہے اور آب ہر کام میرٹ اور قانون کے مطابق ہو رہا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے خود اپنے بھائی کے کیس میں قطعی کوئی مداخلت اور مدد نہیں کی اور اس کیس سے خود کو بلکل لاتعلق رکھا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے بھائی کو حوالات میں بند کرنے سے روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی ۔

خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس حکومت کے عرصہ اقتدار کے خاتمے پر اعوام میرے اور سابق حکمرانوں کے اثاثوں کا موازنہ کریں اور وہ سرکاری خزانے کی ایک پائی بھی اپنے اوپر حرام سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اپنا نجی کاروبار اور وہ اس میں جہد مسلسل اور محنت پر یقین رکھتے ہیں اور سپیکر ہاؤس کا خرچہ اپنے جیب سے برداشت کر رہے ہیں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار صوابی میں سپیکر اور سینئر وزیر کے عہدے آئے ہیں اور پہلی بار یہاں سے سینیٹر منتخب ہوا ہے ورنہ سابق ادوار میں یہاں صرف معمولی سے وزارت پر لوگوں کو ٹرخا دیا جاتا تھا۔