ہمیں صوبے کی عوام نے ان کے مسائل حل کرنے اور نظام کی تبدیلی کے لئے منتخب کیا ہے،محمد عاطف،

سرکاری افسران و اہلکاروں کو اپنے رویوں میں لچک پیدا کرنی ہو گی ، عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی اور ان کے مسائل حل کرنے میں کوئی بہانہ نہیں چلے گا، حکومت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ،تاخیری حربے استعمال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،صوبائی وزیر تعلیم کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:41

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم ، توانائی و برقیات محمد عاطف نے کہا ہے کہ ہمیں صوبے کی عوام نے ان کے مسائل حل کرنے اور نظام کی تبدیلی کے لئے منتخب کیا ہے ۔ ہمارا ذاتی کوئی ایجنڈا نہیں ہم ماضی کے حکمرانوں کی طرح صرف اقتدار کے مزے لوٹنے کے لئے نہیں آئے ہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی ہمارا ایجنڈا ہے ۔

سرکاری افسران و اہلکاروں کو اپنے رویوں میں لچک پیدا کرنی ہو گی ، عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی اور ان کے مسائل حل کرنے میں کوئی بہانہ نہیں چلے گا ۔ حکومت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ۔ تاخیری حربے استعمال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے والے افسران اور اہلکاروں کو برداشت نہیں کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

کمشنر آفس مردان میں ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ مردان میں ترقیاتی منصبوں اور سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر قومی اسمبلی کے ممبران علی محمد خان ، مجاہد خان ، ایم پی اے افتخارعلی مشوانی ، طفیل انجم ، زاہد درانی ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر مردان کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو ڈسٹرکٹ مردان میں سال روان کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔ اعلیٰ افسران نے اپنے متعلقہ محکموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ مردان میں پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی مردان کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل سے متعلق اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں ۔ اجلاس سے مزید خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم محمد عاطف نے کہا کہ افسران و اہلکاروں کو محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے سو فیصد کارکردگی دکھانی پڑے گی ۔

انہوں نے تمام محکموں کو ترقیاتی منصوبوں اور تعمیرات پر کام کی رفتار تیز کرنے اور عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی اور ان کی شکایات کے ازالے کی بھی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کو ترقیاتی فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے اور اعلیٰ افسران کو تمام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کی ہدایت بھی کی ۔ محمد عاطف نے کہا گزشتہ دور حکومت میں مردان میں اربوں روپے کے فنڈز خرچ کرنے کے باوجود بھی لوگوں کے مسائل حل نہ ہوسکے ۔

موجودہ حکومت مردان کو ماڈل ڈسٹرکٹ بنانے کے لئے بھر پور کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور تمام سرکاری محکموں کو 24مارچ تک اپنے دفاتر میں عوامی شکایات کے ازالے کے لئے وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کی معلومات بینرز کے ذریعے نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت نہ صرف عوام کے مسائل بلکہ سرکاری افسران و اہلکاروں کے جائز مطالبات اور مسائل بھی حل کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :