صو بائی حکومت نے دو سال میں عام آدمی کی آسانی اور انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر توجہ نظام کی درستگی پر دی ہے،پرویزحٹک

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:34

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خشک نے کہا ہے کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے گزشتہ دو سال میں عام آدمی کی آسانی اور اسے انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر توجہ نظام کی درستگی پر دی ہے اور اب خدا کے فضل سے تھانوں، سرکاری دفاتر اور پٹوار خانوں میں بد معاشوں اور رشوت خوروں کی جگہ عام آدمی کے خدمت گار بیٹھے ہیں جبکہ ہسپتالوں کے اندر بھی اگلے تین ماہ میں ایسی ہی تبدیلی آنے والی ہے کہ لوگ حیران رہ جائیں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو کتنا مضبوط کیا ہے اس کا اندازہ بلدیاتی کونسلوں کے وجود میں آنے کے بعدعوام کو خود ہو جائے گا جب صوبے کا 30 فیصد ترقیاتی فنڈعوام خود اپنے منصوبوں پر خرچ کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی تاریخ کی واحد پارٹی ہے جس نے صوبے کے نظام میں تبدیلی کے ذریعے لوگوں کی خدمت اور انصاف کا وعدہ پورا کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز بنوں میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان وزیر کے زیر اہتمام بہت بڑے جلسہ عام اور فضل قادر شہید آڈیٹوریم بنوں میں پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، شاہ محمد خان، سابق ایم این اے ملک ناصر خان اور دیگر مقررین نے بھی ان اجتماعات سے خطاب کیابکا خیل جلسے میں بکاخیل، ماما خیل، کریڑہ اور جانی خیل قبائل کے 170 عمائدین اور ورکرز کنونشن میں ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک ناصر خان نے مسلم لیگ ن کی ضلعی، تحصیل ،یونین، لیبر، یوتھ اور وومن تنظیموں کے عہدیداروں سمیت ن لیگ سے مستعفیٰ ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے نظام میں تبدیلی سے رشوت اور بد معاشیوں کاراستہ نہ صرف سرکاری ملازمین کیلئے روکا ہے بلکہ خود کو بھی اس راستے پر چلنے سے باز رکھا ہے آج صوبے کا وزیراعلیٰ اور وزراء سمیت اسکی حکومت کے اراکین میں سے کوئی بھی رشوت خوری یا کسی دوسری بدعنوانی کا سوچ بھی نہیں سکتا اور یہ سب پارٹی چیئرمین عمران خان کی تربیت اور وژن سے ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے ناکام ہونے کا پروپیگنڈہ بھی اسی لئے کیا جارہا ہے کہ روایتی اور کرپٹ سیاستدان اور دیگر عناصر ہماری دیانتداری ، خلوص نیت اور عوامی خدمت سے پریشان ہیں کیونکہ ان لوگوں کو سرکاری محکموں اور نظام میں تبدیلی اب نظر آنے لگی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں پولیس سب سے زیادہ بدنام تھی لیکن اب ہم اپنی پولیس پر فخر کرنے لگے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس اور تعلیم جیسے اہم محکموں میں سیاسی مداخلت ختم کر دی گئی ہے حتیٰ کہ وزیراعلیٰ کو بھی ایک سپاہی یا اُستاد ٹرانسفر کرنے کا اختیار نہیں ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ دوسالوں میں خیبرپختونخوا ملک کا سب سے بہترین اور مثالی صوبہ بن کر اُبھرے گا انہوں نے بتایا کہ ہم نئے سکول اور ہسپتال وغیرہ تعمیر کرنے کے بجائے پہلے سے موجود سکولوں اور ہسپتالوں کو بہتر بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب رشوت اور سفارش کی بجائے اب صرف میرٹ پر بہترین اور قابل اساتذہ، ڈاکٹراور پولیس مین بھرتی کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ سینٹ کے الیکشن میں پی ٹی آئی اور اسکی اتحادی جماعتیں بھاری رقوم ٹھکرا کر سرخرو ہوئی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے سینٹ کے اُمیدواروں نے اپنی ہی پارٹی کے ایم پی ایز کو پیسے دیئے ہیں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان وزیر کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کے جواب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بکا خیل میں ڈگری کالج اور گریڈڈی ہسپتال کے قیام کے علاوہ بنوں کے موجودہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو اپ گریڈ کرکے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے برابر لانے کا اعلان کیاانہوں نے بنوں میں کیڈٹ کالج ، بکا خیل کو تحصیل کا درجہ دینے اور کوہاٹ و کرک کے درمیان صنعتی بستی کے قیام کا جائزہ لینے کا وعدہ کرتے ہوئے آئندہ مالی سال میں بنوں میں ریسکیو1122 قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔