کوئٹہ،مچھ جیل انتظامیہ نے صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریخوں کیلئے عدالت کوخط لکھ دیا،

فیصلہ منگل تک دیئے جانے کا امکان

ہفتہ 21 مارچ 2015 22:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) مچھ جیل کی انتظامیہ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریخیں مقررکرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے جس پر فیصلہ منگل تک دیئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

مچھ جیل کے حکام نے صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ دوبارہ جاری کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو درخواست بھجوائی ہے جو عدالت کو موصول ہوگئی ہے ، درخواست میں صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریحی مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے،صولت مرزا کو جمعرات کی صبح پھانسی دی جانی تھی لیکن ان کی جانب سے ایم کیو ایم اور اس کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف سنگین الزامات کی ایک وڈیو سامنے آنے کے بعد رات گئے صدارتی حکم نامہ جاری ہوا کہ صولت مرزا کی پھانسی 72 گھنٹوں کے لیے موخر کردی جائے، یہ 72 گھنٹے رات گئے ختم ہورہے ہیں اور آج صبح صولت مرزا کو پھانسی دی جاتی لیکن ہفتہ وار تعطیل اور پھر پیر کو 23 مارچ کی چھٹی کے باعث یہ پھانسی 24 مارچ تک موخر ہوگئی ، اسی دوران وزارت داخلہ نے سفارش کردی ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی نوے دن کے لیے موخر کردی جائے، اس ساری صورتحال میں نئی ہدایات کے لیے مچھ جیل کی انتظامیہ نے صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ کے لیے عدالت کو خط لکھا ہے دریں اثناء وزیرداخلہ بلوچستان میرسرفرازبگٹی کاکہناہے کہ صولت مرزا کی ویڈیوبیان کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے اورجلدہی تمام صورتحال عوام کے سامنے لائی جائیگی