ایم کیوایم تشدداورعسکریت پسندی پر یقین نہیں رکھتی، الطاف حسین

ہفتہ 21 مارچ 2015 21:09

ایم کیوایم تشدداورعسکریت پسندی پر یقین نہیں رکھتی، الطاف حسین

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم تشدداورعسکریت پسندی پر یقین نہیں رکھتی، اس کی صفوں میں جرائم پیشہ افراد کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور ہمارے بے گناہ لوگوں کوگرفتارکیاجارہاہے لیکن پھربھی ملک کی خاطرہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ ایم کیوایم کے 31ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں امریکاکینیڈاکے 20سے زائد شہروں میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ جب کسی شخص کو سزائے موت سنادی جاتی ہے ،اس کی رحم کی اپیل بھی مسترداور ڈیتھ وارنٹ جاری ہوجاتے ہیں تواس کے اہل خانہ سے اس کی آخری ملاقات کرواکراسے ڈیتھ سیل میں ڈال دیاجاتاہے جہاں سزائے موت دیئے جانے تک بندرکھاجاتاہے اور کوئی ملاقات نہیں ہوسکتی لیکن یہ انوکھاواقعہ ہے کہ صولت مرزا کے بلیک وارنٹ جاری ہونے کے بعدڈیتھ سیل میں اس کوایک اسکرپٹ رٹایاگیا اورپھر ریکا رڈ کرکے پھانسی سے ایک روزقبل بیان کی وڈیو تمام ٹی وی چینلزکوپہنچائی گئی اور خوب تشہیرکی گئی۔

(جاری ہے)

دنیاکی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ غیرقانونی کارروائی کرنے والے چاہے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ہوں یا سول اسٹیبلشمنٹ کے ۔انہوں نے صولت مرزاکے ذریعے ایم کیوایم پر بیہودہ الزامات لگواکر دنیابھرمیں ایم کیوایم کاامیج خراب کرنے اوراسے دنیاکی نظروں میں مطعون کرنے کاعمل کیا۔دیگرسیاسی جماعتوں سے بھی لوگ نکالے جاتے ہیں لیکن جس طرح ایم کیوایم سے نکالے افرادکوٹی وی پرلاکرانکے بیانات کی بنیادپر اس کی قیادت پرکیچڑاچھالی جاتی ہے ایساکسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں کیا جاتا ۔

سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس میں تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں میں عسکری ونگز ہونے کاذکرکیاتھالیکن صرف ایم کیوایم کی بات کی جاتی ہے ۔کہاگیاتھاکہ کراچی میں آپریشن بلاامتیازہوگالیکن ایم کیوایم کونشانہ بنایاجارہاہے اورآپریشن کے آغازکے بعد سے اب تک ہمارے سوسے زائد کارکنان شہید، سینکڑوں گرفتاراوردرجنوں لاپتہ ہیں۔ الطاف حسین نے نائن زیروپرچھاپے کے دوران فائرنگ سے کارکن وقاص شاہ کی شہادت کاذکرکرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ سارے متعصب تجزیہ نگار اپنے تبصروں اورتجزیوں میں کہتے ہیں کہ ایم کیوایم اچھی ہے اورقبول ہے اگرالطاف حسین اس سے الگ ہوجائیں ۔ اگرایم کیوایم میرے بغیرقابل قبول ہے تومیں تحریک سے الگ ہوجاتاہوں۔انہوں نے کہاکہ جس طرح سیاستدانوں میں خراب لوگ ہیں اسی طرح فوج میں بھی خراب لوگ ہیں لیکن پوری فوج خراب نہیں۔ فوج ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے ضرب عضب میں مصروف ہے، گوکہ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور ہمارے بے گناہ لوگوں کوگرفتارکیاجارہاہے لیکن پھربھی ملک کی خاطرہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

ایم کیوایم لبرل، روشن خیال اور جمہوریت پسندجماعت ہے جومذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے۔ہم پاکستان سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام اورکرپٹ پولیٹیکل کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔ قائداعظم کے خواب کے مطابق ملک میں ایسا منصفانہ نظام جس کے تحت تمام شہری برابرہوں ۔ہم بندوق یا ڈنڈے کے زور پر اپنی شریعت یاعقیدہ دوسروں پر مسلط کرنے کے خلاف ہیں۔

ہم طالبان ، القاعدہ اورداعش کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کے قتل کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ انتہاپسندعناصر کے ہاتھوں بے گناہ عیسائیوں اوردیگراقلیتوں کے قتل کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔الطا ف حسین نے اعلان کیاکہ ملک میں ایم کیوایم کی حکومت آئی تویکساں نظام تعلیم ہوگا، اعلیٰ معیار کے چھوٹے بڑے اسپتالوں، ڈسپنسریوں اورچھوٹی صنعتوں کاجال بچھایاجائے گا ۔

صنعتوں کے فروغ کیلئے ون ونڈو آپریشن رائج کیاجائے گا، تمام شعبہ زندگی میں خواتین کیلئے 50فیصدکوٹہ مقررکیاجائے گا۔ قابل کاشت اراضی ہاریوں کسانوں اور مزارعوں میں تقسیم کی جائے گی ۔ برطانیہ کی طرح پاکستان کواسلحہ فری بنایاجائے گا۔لوکل گورنمنٹ سسٹم کے تحت اختیارات کونچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا اورامن عامہ کو بہتر بنانے کیلئے ٹاؤن کی سطح پر مقامی پولیس بھرتی کی جائے گی۔الطاف حسین نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں کونہ صرف ووٹ کاحق دیاجائے بلکہ انہیں پاکستان کی اسمبلیوںاورسینیٹ کاالیکشن لڑنے کاحق بھی دیاجائے ۔