تنظیم خدمت خلق کے زیر اہتمام دہشتگردی کیخلاف اورسانحہ یوحنا آباد کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں

ہفتہ 21 مارچ 2015 19:49

لاہو ر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21مارچ۔2015ء ) تنظیم خدمت خلق و شہریان لاہور کے زیر اہتمام الحمراء سنٹر علامہ اقبال روڈ میں دہشتگردی کیخلاف اور المیہ یوحنا آباد کی یاد میں شہریان لاہور نے شمعیں روشن کیں اور سانحہ میں دو بے گناہ زندہ جلائے گئے مسلمانوں کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد شفیق قادری نے کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور بن چکی ہے اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی ، شدت و انتہا پسندی ملک و قوم کیلئے انتہائی زہر قاتل ہے جس کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے شفیق قادری نے کہا کہ ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف بلا امتیاز کارروائی پر پوری قوم پاک فوج کیساتھ ہے اور اس وقت قومی و ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم کی نظریں پاک فوج پر لگی ہیں اور پوری قوم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ یوحنا آباد کے ذمہ داروں اور دو مسلمانوں کو زندہ جلانے والوں کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ تقریب میں ڈاکٹر شاہد نصیر ،شان علی قا دری، سلمان لودھی ایڈووکیٹ، محمدحارث بٹ ،خالد انصاری ، ملک راحت علی ، عبد اللہ خاور، حاجی محمد صابر ،نجم خان، علی رضا کاظمی ،اعظم خان ودیگر نے شرکت و خطاب کیا ۔