این اے 246،الیکشن کمیشن نے 23اپریل کو ہونیوالے میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنے کیلئے میٹرک بورڈ کو خط لکھ دیا

ہفتہ 21 مارچ 2015 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) الیکشن کمیشن سندھ نے کراچی کے حلقہ این اے 246میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے میٹرک بورڈ کو خط لکھ دیا ہے ،جس میں بورڈ کو کہا گیا ہے کہ 23اپریل کو مذکورہ حلقے میں پولنگ کا عمل ہوگا ۔اس لیے اس روز ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے جائیں ۔ذرائع کے مطابق یہ خط میٹرک بورڈ کو موصول ہوگیا ہے ۔میٹرک بورڈ نے اس خط کے جواب میں الیکشن کمیشن کو خط بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ،جس میں انہیں آگاہ کیا جائے گا کہ 23اپریل کو کراچی میں ہونے والے میٹرک کے امتحانات میں مختلف گروپوں کے 6مضامین کے پرچے ہیں ۔

ایک حلقے میں امتحانات ملتوی کرنے کے لیے پورے کراچی میں پرچے ملتوی کرنے پڑیں گے اور پرچہ ملتوی کرنا بورڈ کے لیے مشکل ہے ۔لہذا الیکشن کمیشن پولنگ کی تاریخ میں تبدیلی کردے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ 23اپریل کو اس حلقے سے 15ہزار سے زائد بچے امتحانات دیں گے ۔جبکہ کئی سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو امتحانی مراکز بنایا گیا ہے ۔دوسری جانب 27اپریل سے انٹر کے امتحانات کا آغاز بھی ہورہا ہے ۔الیکشن کمیشن تاحال مذکورہ حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کی تاریخ میں تبدیلی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکا ہے ۔الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کی فہرستوں کی تیاری کے لیے ڈائریکٹراسکولز اساتذہ کی فہرست طلب کرلی ہے تاکہ انتخابی عملے کی ڈیوٹیوں کا تعین کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :