ملک سے دہشت گردی کے ساتھ جرائم کا خاتمہ بھی ضروری ہے؛چوہدری برجیس طاہر

ہفتہ 21 مارچ 2015 17:21

سانگلہ ہل( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء )گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ جرائم کا خاتمہ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم خواہ سٹریم کرائم ہوں یا ٹارگٹ کلنگ یا پھر جنسی زیادتی، تمام کو ختم کیے بغیر آئیڈیل سوسائٹی کا قیام ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانگلہ ہل ضلع ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں یوسف والا میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کے بعد لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر/وفاقی وزیر نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت انتہائی کرب اور تکلیف میں ہے جس کا احاطہ کرنا بھی مشکل ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ میں آپ لوگوں سے کن الفاظ میں افسوس کا اظہار کروں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تعزیت کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے ڈسڑکٹ پولیس آفیسر او رپولیس انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل صرف کردیں تاکہ مجرم کو نشان عبرت بنایا جاسکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ غمزدہ خاندان کی مالی اعانت کریں۔ اور وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمدشہباز شریف سے خصوصی طور پر بات کریں گے۔

انہوں نے ملزم کو گرفتار کرنے پر پنجاب پولیس کی بھی تعریف کی۔ گذشتہ دنوں یوسف والا میں ایک اوباش نوجوان نے پانچ سالہ بچی کو اپنی حوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا جس کے بعد صوبائی و ضلعی مشینری حرکت میں آگئی تھی۔ پنجاب حکومت کی ہدایت اور وفاقی وزیر کی مداخلت سے پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ ملزم نے اقبال جرم کر لیا ہے اور وہ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے۔