کراچی اسٹاک مارکیٹ پرگذشتہ ہفتہ بھی مندی کے بادل چھائے رہے

ہفتہ 21 مارچ 2015 17:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ پرگذشتہ ہفتہ بھی مندی کے بادل چھائے رہے ، کے ایس ای 100انڈیکس 11بالائی حدوں کم ہو گیا اور 32ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی کھو بیٹھا جس سے انڈیکس 32900پوائنٹس کی سطح سے گر کر 31800پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران سرمایہ کاروں کے 299ارب سے زائد روپے ڈوب گئے اور مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73 کھرب روپے کی سطح سے گھٹ کر 70کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ گزشتہ ہفتہ کے پہلے روز ہی مندی کی لپیٹ میں آگئی اور مندی کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہا اس دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں 1477.47پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں سرمایہ کا ری کے بدولت کاروباری ہفتہ کے آخری روز یعنی جمعہ کو انڈیکس نے 348.64پو ائنٹس ریکور کیے تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ کا رحجان منفی رہا۔

(جاری ہے)

گزشتہ پیر تا جمعہ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع پر 32961.49پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم کراچی میں امن و امان کی خراب ہونے کے باعث سیاسی افق پر غیر یقینی صورتحال سے مارکیٹ میں منافع خوری کا عنصر غالب رہا ،غیر ملکی سرمائے کے انخلاء اور فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس بلند سطح کو برقرار نہ رکھ سکاجبکہ پوراہفتہ دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 31337.67پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیر تا جمعہ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں 1128.83پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس32900، 32800،32700،32600،32500، 32400،32300، 32200،32100، 32000اور31900پوائنٹس کی 11بالائی حدوں سے نیچے گر گیا اور 32929.09پوائنٹس سے گھٹ کر 31800.26پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 972.04پوائنٹس کی کمی سے 20227.46پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 23418.05پوائنٹس سے کم ہوکر 22658.40پوائنٹس پر آگیا۔

کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث رونما ہونے والی مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 2کھرب 99ارب 38کروڑ75لاکھ95ہزار637روپے کی کمی ہوئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 73کھرب56ارب35کروڑ19لاکھ92ہزار128روپے سے گھٹ کر 70کھرب56ارب96کروڑ43لاکھ96ہزار491 روپے رہ گیا۔گزشتہ ہفتہ اسٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ 20کروڑ80لاکھ 94ہزار حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو11ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 10کروڑ75لاکھ39ہزار حصص رہا اور اس دن ٹریڈنگ ویلیو6ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ مجموعی طور پر 1753کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 655کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 1012میں کمی اور 86کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے میپل لیف سیمنٹ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ،لال پیرپاور،جہانگیر صدیقی کمپنی،پاک الیکٹرون،اینگرو کارپوریشن،فوجی سیمنٹ،بینک آف پنجاب اور کے الیکٹرک سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :