حکومت کی طرف سے غیر قانونی سرگرمیوں اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث افراد کے بیرون ملک فرار کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایات جاری

ہفتہ 21 مارچ 2015 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) حکومت کی طرف سے غیر قانونی سرگرمیوں اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث افراد کے بیرون ملک فرار کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ منصوبے کے باوجود بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی تصدیق کے لئے تاحال بائیومیٹرک سسٹم نہیں لگایا گیا اور نہ ہی دیگر اداروں سے انٹرلنک نہ ہونے کے باعث مسافر کے خلاف کارروائی کے لئے تصدیق تک نہیں کرا سکتے ۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے غیر قانونی سرگرمیوں اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث
افراد کے بیرون ملک فرار کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں جس پر عملی اقدامات کے لئے ملک بھر کے ایئرپورٹس اور دیگر داخلی و خارجی راستوں پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات بھی جاری کی گئیں لیکن اس کے باوجود بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مناسب اقدامات نہیں کئے جا سکے جس سے حکومتی اداروں کو مطلوب افراد کی یہاں سے بیرون ملک فرار کی کوشش کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل بے نظیر ایئرپورٹ سے انسانی سمگلنگ کے مختلف واقعات سامنے آنے کے بعد حکومت کی طرف سے مسافروں کی تصدیق کے لئے یہاں بائیومیٹرک سسٹم لگانے کی ہدایت کی گئی لیکن کئی ماہ گزرنے کے باوجود اس پر تاحال عملدرآمد نہ کیا جا سکا اور مطلوب افراد کی بیرون ملک روانگی کو روکنے کے لئے دیگر اداروں سے انٹرلنک نہ ہونے کے باعث امیگریشن حکام کسی مسافر کے خلاف فوری کارروائی کے تحت تصدیق تک نہیں کرا سکتے ۔

امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر تمام مسافروں کی سخت چیکنگ کی جاتی ہے اگر جدید آلات نصب کر دیئے جائیں تو مزید بہتر اقدامات کئے جا سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مختلف اداروں کی طرف سے وزارت داخلہ کے ذریعے مطلوب افراد کے سفر کی روک تھام کے لئے فہرست جاری کی جاتی ہے جس کی روشنی میں ایئرپورٹس پر ایگزسٹ کنٹرول لسٹ کے علاوہ دو اقسام کی فہرستیں موجود ہوتی ہیں جن میں بلیک لسٹ اور ریڈ لسٹ شامل ہیں تینوں فہرستوں میں مطلوب افراد کے کیسوں کی نوعیت اور جن اداروں کو وہ مطلوب ہیں ان کی اہمیت کے مطابق انٹری کر دی جاتی ہے ۔