موجودہ صورتحال میں دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے تربیت حاصل کرنا ،دہشت گردی سے نمٹنا سخت مشقت طلب ہے،بریگیڈئر ابرار حسین بھٹی

ہفتہ 21 مارچ 2015 16:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء)بریگیڈئر ابرار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے تربیت حاصل کرنا اور دہشت گردی سے نمٹنا سخت مشقت طلب ہے ہماری کوشش ہے کہ آرمی رینجرز پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیاں مشترکہ آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف مکمل کامیابی حاصل کریں۔پولیس ہیڈ کواٹر حیدرآبادمیں حیدرآباد ، مٹیاری ، جامشورو پولیس کے اسپیشل اینٹی ٹیررسٹ کمانڈو زکی خصوصی تربیتی کورس میں شامل دوسرے بیچ کی تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی بہترین کارکردگی کے حامل جوانوں میں شیلڈاور میڈل بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی برگیڈیئر ابرار حسین بھٹی کمانڈنگ آفیسر55 برگیڈ تھے، تقریب میں لیفٹیننٹ کرنل انعام الحق کمانڈنگ آفیسر 20-A.K ، ثناء اللہ عباسی ڈی آئی جی حیدرآباد، عرفان علی بلوچ ایس ایس پی حیدرآباد ، امجدشیخ ایس ایس پی مٹیاری، محمد نعیم شیخ ایس ایس پی جامشورو سمیت آرمی و پولیس کے افسران و جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بریگیڈئر ابرار حسین بھٹی نے کہا کہ الحمد اللہ ٹریننگ احسن طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچی ہے ہماری کوشش ہے کہ پولیس میں دہشت گردی سے نمٹنے کی پوری صلاحیت پیداکی جائے اور ٹریننگ مکمل کرنے والے اپنے دیگر ساتھیوں کو تربیت دیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے تربیت حاصل کرنا اور دہشت گردی سے نمٹنا ایک مشکل عمل ہے اس کے لئے سخت مشقت اور جدوجہد کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے کہ آرمی ،رینجرز ، پولیس اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیاں مل کر دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کریں، انہوں نے کہا کہ جب وانا ،وزیرستان اور فاٹا میں آپریشن کے لئے فوج کے جوان جاتے ہیں تو انہیں کم از کم اتنا معلوم ہوتاہے کہ دہشت گرد کس علاقے میں ہیں لیکن عوام کے درمیان رہنے والے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن بہت محنت طلب اور سخت کام ہے مگر یہاں تربیت حاصل کرنے والے پولیس کے جوانوں نے اپنی صلاحتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے آپ نے کوئی واقعہ رونماہونے سے پہلے مجرموں اور دہشت گردوں کے خلاف معلومات جمع کرکے ان کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کرنا ہوتا ہے اس کے لئے آپ کو ہر لمحہ باخبر اور چوکس رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ڈی آئی جی حیدرآباد ثناء اللہ عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں پاک فوج کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ جس نے پولیس کے دوسرے بیچ کو فزیکل ٹریننگ مکمل کرائی اس کمانڈو ٹریننگ سے دورحاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے میں بہت مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ بنیادی طورپر نیشنل ایکشن پلا ن پوری قوم کی آواز بن چکاہے اور اس میں اداروں اور افراد کی صلاحیت میں اضافہ بہت اہم کڑی کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مل کر انٹیلی جنس کی ٹریننگ بھی اسی طرح پولیس کو کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم یہاں موجود تمام افسران اور جوان عہد کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لینگے اور انشاء اللہ اس جدوجہد میں اللہ تعالیٰ ہماری مدد کرے گا۔