Live Updates

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامہ خیز اجلاس کل ہوگا

ہفتہ 21 مارچ 2015 14:40

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء ) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامہ خیز اجلاس کل اتوار کو یہاں بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا ، اجلاس میں تحریک انصاف کی تمام مرکزی اور صوبائی تنظیموں کی تحلیل اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی بنیادی رکنیت ختم کرنے بارے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کمیشن کی رپورٹ اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل بارے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان معاہدے کے بعد اسمبلیوں میں واپسی کے معاملے پر غور ہوگا ۔

عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ، وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک ، سپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر اور دیگر ارکان شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے تنظیمی انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کے لئے عمران خان کی طرف سے بنائے گئے جسٹس وجیہہ الدین کمیشن کی رپورٹ پر گرما گرم بحث متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں تمام تنظیمیں ٹوٹ کر دوبارہ انتخابات کرانے اور پارٹی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو ان کے عہدے اور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے فارغ کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ تازہ ترین صورتحال میں اسمبلیوں میں واپسی کے معاملے کو بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر دیا گیا ہے ۔ عمران خان اجلاس کے بعد میڈیا کو فیصلوں بارے بریفنگ دیں گے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :