وزیراعظم کی قیادت میں جلد توانائی بحران کا خاتمہ کریں گے ، نصف صدی پرمحیط رفاقت میرا اثاثہ ہے ، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، فوج اپنی تاریخ رقم کررہی ہے ، (ن) لیگ کی وجہ سے 5 بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا ، آمریت کے دوران بھی نواز شریف کے دوبارہ وزیراعظم بننے کا یقین تھا ، وزیراعظم نے کراچی میں قیام امن کیلئے جرات کا مظاہرہ کیا

وزیر دفاع و پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کا ورکر کنونشن سے خطاب

ہفتہ 21 مارچ 2015 14:36

سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء ) وزیر دفاع و پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں جلد توانائی بحران کا خاتمہ کریں گے ، نصف صدی پرمحیط محمد نواز شریف سے رفاقت میرا اثاثہ ہے ، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، فوج اپنی تاریخ رقم کررہی ہے ، (ن) لیگ کی وجہ سے 5 بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا ، آمریت کے دورن میں بھی نواز شریف کے دوبارہ وزیراعظم بننے کا یقین تھا ، وزیراعظم نے کراچی میں قیام امن کیلئے جرات کا مظاہرہ کیا ۔

وہ ہفتہ کو سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 مارچ 1991ء سے میں نے ٍاپنی سیاست کا آغاز کیا اور ان 25 سالوں کی میری کمائی مسلم لیگ (ن) سے وفاداری ہے ، آپ بھی پہلے میں اسمبلی اور سینیٹ میں لیکر آئے اور آج مجھے ایسی ذمہ داری سے سونپا ہے کہ بحیثیت سیاسی ورکر یہی میری معراج ہے اور میرا اثاثہ آپ سے رفاقت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1999ء میں جب میاں صاحب جلا وطن ہوئے تو اس کے بعد ایک آمر کے دور میں بھی اس شہر کے ووٹروں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا اور قائد کا سپاہی یہاں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا ، 5بار (ن) لیگ کے ٹکٹ سے منتخب ہوا اور مجھے یقین تھا کہ میرا قائد واپس آئے گا اور وزیراعظم بنے گا اور اس ملک کی قسمت بدلے گا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں امن قائم کرنے کیلئے جو کام کیے ہیں اور اس ملک کی بہتری کیلئے جو کچھ کررہے ہیں انہیں آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی ۔

آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، ہماری افواج ایک نئی تاریخ قائم کررہی ہیں ، اس کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے ۔ بجلی کی کمی پر قابو پانے کیلئے بھی تھک کوششیں کی جارہی ہیں ، اپنے دور حکومت میں ہی عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائیں گے ۔