اسلام آباد میں13 سال بعد یوم پاکستان پریڈ کی تیاریوں کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل

ہفتہ 21 مارچ 2015 14:35

اسلام آباد / راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) اسلام آباد میں13 سال بعد یوم پاکستان پریڈ کی تیاریوں کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل‘جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ‘اسلام آباد راولپنڈی میں جزوی طورپرموبائل سروس بند‘لاکھوں فون بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘پریڈ کے مقام جانے والے تمام راستے بند ‘حفاظت کیلئے پاک فوج اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات ۔

تفصیلات کے مطابق موبائل فون سروس دہشت گردی کے خطرات کے باعث معطل کی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پریڈ ایونیو پر یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ تیس مارچ کو ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں عروج پر ہیں، پریڈ کی تیاریوں کے باعث ملحقہ علاقوں میں جزوی طور پر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے، موبائل فون سروس 23مارچ کو بھی معطل رہے گی۔

(جاری ہے)

پریڈ کے مقام کی جانب جانے والے تمام راستے بھی بند کردیئے گئے ہیں، جب کہ پریڈ کے مقام کی حفاظت کیلئے پاک فوج اور اسلام آباد پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر تیس مارچ کو ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ سات سال بعد بحال کی جا رہی ہے،اس موقع پر اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ پر تینوں مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا، آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے تحت شریک ہونگے۔

پریڈ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، اور تینوں سروسز چیف شریک ہونگے۔ جب کہ غیر ملکی اہم شخصیات اور سفیروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں یوم پاکستان کی پریڈ جو شاہراہ دستور کی پریڈ ایونیو پر منعقد ہوتی تھی اسے سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا تھا اور وزیر اعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کی اگست 2014ء میں ہونے والی ملاقات میں یوم پاکستان کی پریڈ کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا او راس کے لئے آئی ایٹ سیکٹر کے گراؤنڈ کا انتخاب کیا گیا تھا او راس گراؤنڈ کو اب ہر سال یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے مختص کر دیا گیا ہے ۔