دہشتگردوں کو ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ، کمر توڑ دی ہے ، 2018ء میں پاکستان کی تصویر مختلف ہوگی ، وفادار کارکن کسی سیاسی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں ، (ن) لیگ ہمیشہ اقتدار میں آکر ترقی کی بات کرتی ہے ، قوم نے خرابیاں ختم کرنے کیلئے مینڈیٹ دیا ، سیالکوٹ عالمی سطح کا شہر ہے جہاں سے لاہور تک ایکسپریس وے بنا دیں گے

وزیراعظم نواز شریف کامسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب

ہفتہ 21 مارچ 2015 14:35

سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ، کمر توڑ دی ہے ، 2018ء میں پاکستان کی تصویر مختلف ہوگی ، وفادار کارکن کسی سیاسی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں ، (ن) لیگ ہمیشہ اقتدار میں آکر ترقی کی بات کرتی ہے ، قوم نے خرابیاں ختم کرنے کیلئے مینڈیٹ دیا ، سیالکوٹ عالمی سطح کا شہر ہے جہاں سے لاہور تک ایکسپریس وے بنا دیں گے ۔

وہ ہفتہ کو یہاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی رہائشگاہ پر مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وفادار کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا سرمایہ ہوتے ہیں انہی کارکنوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا اور اچھا انسان بھی وہی ہوتا ہے جس میں وفا ہو اس لئے مجھے سیالکوٹ کی عوام اور شہر سے خصوصی لگاؤ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو پاکستان کی ترقی کی بات کرتی ہے ، اب بھی عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہا رکیا ہے انہیں کبھی بھی مایوس نہیں ہونے دیں گے کیونکہ قوم نے ہمیں خرابیاں ختم کرنے اور ترقی کا مینڈیٹ دیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیا فتنہ اور تباہی کا باعث بننے والی تنظیموں کا پاکستان میں کہیں جگہ نہیں ملے ، ہم نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے ، کراچی میں بھی امن کیلئے کوششیں جاری ہیں ، اس کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، ہمیں روشنیوں کے شہر کراچی کے امن کو خراب ہونے کی وجوہات جاننی چاہئیں حکیم سعید کی شہادت پر اپنی ہی صوبائی حکومت ختم کرلی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سابقہ دور حکومت میں بھی ملک ترقی کی جانب گامزن تھا ، سابقہ دور میں بھی ہماری تمام تر توجہ ترقیاتی کاموں پر مرکوز تھی ، اب بھی گامزن ہے۔ اب معاشی اعشاریے مثبت اور معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے ، انشاء اللہ 2018ء میں پاکستان کی تصویر مختلف ہوگی اور سرخرو ہوکر ایک بار پھر عوام کے سامنے آئیں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سیالکوٹ عالمی سطح کا شہر ہے یہاں ایکسپریس وے بنائیں گے ، یہ منصوبہ وفاقی اور رنگ روڈ منصوبہ صوبائی حکومت مکمل کرے گی ، سیالکوٹ میں جلد بین الاقوامی ایئرپورٹ بھی بنائیں گے جس سے برآمدات اور درآمدات میں آسانی ہوگی