Live Updates

اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان 1 روزہ دورے پر بنوں پہنچ گئے

ہفتہ 21 مارچ 2015 14:22

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 مارچ 2015 ء) : ۔پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان 1 روزہ دورے بنوں پہنچ گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ بنوں میں تحریک انصاف کی یوتھ ونگ کے تحت منعقد کیے گئے کنوینشن میں شرکت کریں گے۔ کنوینشن میں شرکت سے قبل عمران خان کی جانب سے بنوں میں گیارہ سال سے بند سکول کا افتتاح کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں ہر مہینے پشاور کے ریڈیو چینل پر بیٹھ کر لوگوں کی کالز لے کر شکایات سنتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے ایک کرنل صاحب کی شکایت پر بنوں میں 10 سال سے بند سکول کا نوٹس لیتے ہی سکول کھولنے کا حکم دیا اور آج اس کا افتتاح ہونے جا رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور صوبائی وزراء کو تاکید کی ہے کہ ہر ماہ ایک بار ریڈیو پر آکر عوام کی شکایات سن کر ان کا حل نکالا جائے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں ہیلتھ اور تعلیم کا نیا نظام لا رہے ہیں۔ ۔ اس موقع پر عمران خان نے بتایا کہ تین ماہ میں لیڈی ریڈنگ اسپتال میں خاطر خواہ تبدیلی لائی جائے گی. جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جوڈیشل کمیشن کا قیام خوش آئند اور عوام کی بڑی کامیابی ہے جو کہ عوام کی پر زور فرمائش اور دھرنوں کے باعث ہی ممکن ہو پایا ہے ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن کی تحقیقات کی جائیں گی اور دھاندلی کے ثبوت پیش کیے جائیں گے جس سے الیکشن کی سچائی عوام کے سامنے آ جائے گی.

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات