کراچی میں امن کی بحالی پر سیاسی وعسکری قیادت کا ایک صفحہ پر ہو ناخوش آئندہے‘ سینیٹر پروفیسر ساجد میر

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کی بحالی پر سیاسی وعسکری قیادت کا ایک صفحہ پر ہو ناخوش آئندہے ۔ مرکز ی دفتر راوی روڈ میں علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ا ن کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی مصلحتوں نے کراچی کا امن تباہ کیا۔رینجرز پر حملے کراچی آپریشن کا ردعمل ہے۔

ایم کیو ایم کی قیادت کی دھمکیاں جمہوریت اور پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ً دہشت گردوں سے حکومتی گورننس اور ریاستی اتھارٹی تسلیم کرانا حکومت اور عسکری قیادتوں کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے ْجس سے عہدہ براہونے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ٹارگٹ کلرز‘ بھتہ خور اور دوسرے جرائم پیشہ عناصر جس بھی جماعت کی چھتری کے نیچے محفوظ ہیں‘ انہیں وہاں سے نکال باہر کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزیر اعظم نوازشریف کی بے لاگ پالیسی حوصلہ افزا ہے اس پالیسی سے ہی ملک میں قانون و انصاف کی عملداری کی دھاک بٹھائی جا سکتی ہے اور دوسرے جرائم پیشہ عناصر کو بھی اسی طرح عبرت حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سزایافتہ مجرم کو اس بنیاد پر معاف کرنے کی گنجائش نہ نکالی جائے کہ وہ اپنے گھناؤنے جرائم کے پیچھے کارفرما ہاتھوں کو بے نقاب کررہا ہے۔ ایسے مجرمان کے بیانات کی بنیاد پر آئندہ کیلئے جرائم کی بیخ کنی میں ضرور مدد حاصل کی جائے ۔ اگر اب بھی ماضی جیسی مصلحتوں سے کام لے کر کسی کیلئے نرمی کی گنجائش نکالی گئی تو بلاامتیاز آپریشن کا تصور بھی بے معنی ہو جائیگا اور امن کی بحالی کا خواب بھی کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔

متعلقہ عنوان :