اپنے علاقوں میں عسکریت پسندوں کو تحفظ اور پناہ فراہم نہیں کریں گے ‘بلوچ قبائلیوں کا عہد

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء)بلوچستان میں مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے عہد کیا کہ وہ اپنے علاقوں میں عسکریت پسندوں کو تحفظ اور پناہ فراہم نہیں کریں گے۔قبائلی سرداروں نے اس بات کی یقین دہانی سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد نصیر خان جنجوعہ کو کرائی اجلاس میں نواب ایاز خان جوگیزئی نے قبائلی وفد کی قیادت کی۔

قبائلی سرداروں نے اس موقع پر ملک کی موجودہ صورتحال اور فوجی آپریشن کے تناظر میں افغانستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں بلوچستان کی پشتون آبادیوں پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔علاقے میں امن و امان کو بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں کے لیے کیے گئے اقدامات بھی اس دوران زیربحث آئے۔

(جاری ہے)

قبائلی سرداروں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج، فرنٹیئر کور سمیت سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور ہرممکن مدد کو توسیع دیں گے، اور اس بات کا عہد کیا کہ اپنے علاقے میں کسی اجنبی کو داخل ہونے یا پناہ لینے نہیں دیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل محمد نصیر خان جنجوعہ نے کہا کہ اگر تمام لوگ متحد ہوجائیں اور امن کے راستے پر مشترکہ طور پر آگے بڑھیں تو بلوچستان ایک مثالی صوبہ بن جائے گا۔انہوں نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ فرنٹیئر کور، پولیس اور ان کے علاقے میں تعینات دیگر فورسز کے ساتھ قریبی تعلقات اور تعاون برقرار رکھیں۔