گلگت بلتستان میں آمدہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں،نورالباری

ہفتہ 21 مارچ 2015 13:13

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آمدہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں، آئینی اصلاحات کے پیکج میں موجود سقم دور کر کے اس میں بہتری لائی جائے جو سب طبقات کے لیے قابل قبول ہو، نادرا کی ٹیموں کو متحرک کیا جائے کہ وہ گلگت بلتستان کے گاؤں گاؤں جا کر شناختی کارڈ بنوانے کا عمل تیز کریں ،ووٹر لسٹیں درست کی جائیں اور ایسے افراد جن کا ووٹ ہے لسٹ میں در ج نہیں ہے ان کا ووٹ درج کیا جائے صاف اور شفاف انتخابات ہی عوام کو قابل قبول ہوں گے انتخابات کی تاریخ عجلت میں طے کرنے کے بجائے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر مشاورت سے تاریخ طے کی جائے ان خیالات کااظہار انہوں نے گلگت بلتستان کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،نورالباری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف انتخابات ہی خطے کی تعمیر و ترقی اور جمہوریت پر اعتماد کا مظہر ہوں گے انہوں نے کہا کہ جون میں بعض علاقوں میں عوام چراہ گاہوں کی طرف مال مویشی لے کر چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹرن آوٹ میں کمی ہو گی اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی تاریخ طے کی جائے جو گلگت بلتستان کے عوام کے لیے قابل قبول ہو اور موسم بھی مناسب ہو، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی نظام کی تبدیلی ہمارا ایجنڈا ہے نظام کو تبدیل کیے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے جماعت اسلامی اول روز سے گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی حقوق مل نہیں جاتے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تنقید برائے تنقید پر یقین نہیں رکھتی ہے ہم تنقید برائے اصلاح کی غرض سے بات کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کو شفاف طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دینا ہی خطے کے مفاد میں بھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :