ورلڈ کپ 2015:نیوزی لینڈ کا ویسٹ انڈیز کو کامیابی کے لیے 394رنز کا ہدف

ہفتہ 21 مارچ 2015 09:58

ورلڈ کپ 2015:نیوزی لینڈ کا ویسٹ انڈیز کو کامیابی کے لیے 394رنز کا ہدف
ویلنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 21مارچ ۔ 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے چوتھے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 394رنز کا انتہائی مشکل ہدف دیدیا ہے ۔ ویسٹ پیک سٹیڈیم ، ویلنگٹن میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 393رنز بنا ئے ۔

(جاری ہے)

اوپنر برینڈن میکولم محض 12رنز بنا کر پوویلین چلتے بنے ،ولیمسن نے 33جبکہ روس ٹیلر نے 42رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم اننگز کے اصل ہیرو مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے نیوز ی لینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی ۔

گپٹل 163گیندو ں پر 24چوکوں اور 11چھکوں کی مدد سے 237رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جو ورلڈ کپ میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے ۔ گرانٹ ایلیٹ نے 11گیندوں پر 27رنز بنا کر انکا اچھا ساتھ نبھایا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 3اور رسل نے 2کھلاڑی آؤٹ کیے ۔