کتب بینی کومشغلہ بناکر ہی ”امن اور ترقی “کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے‘میاں محسن لطیف،

مدارس انسانیت کی رشدو ہدایت کے مراکزہیں،علامہ راغب نعیمی،حبیب الرحمن گیلانی ودیگر کا13ویں سالانہ نمائش کتب کی افتتاحی تقریب خطاب

جمعہ 20 مارچ 2015 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء )قدیم علوم کے ساتھ جدید علوم کاحصول بھی ناگزیر ہے ۔ کتب بینی کومشغلہ بناکر ہی ”امن اور ترقی “کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ان خیالات کااظہارپاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں محسن لطیف نے جامعہ نعیمیہ تیرہویں سالانہ نمائش کتب کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر سیکرٹری زکوٰة وعشر پنجاب حبیب الرحمن گیلانی،اسپیکر قومی اسمبلی کے صاحبزادے ڈاکٹرسردار محمد علی چےئر مین سردار آئی ٹرسٹ،جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی علامہ راغب حسین نعیمی ،جامعہ نعیمیہ کے خطیب ڈاکٹر مفتی حسیب قادری ،معروف مذہبی وسیاسی رہنما مفتی انتخاب احمد نوری ،مولانا رفیق احمد، پاکستان مسلم لیگ ن کے ممتاز رہنما مفتی قیصر شہزادنعیمی اور انچارج کتاب میلہ حاجی عمران نعیمی سمیت نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی ذمہ داران ،کارکنان اور جامعہ نعیمیہ کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صاحبزادہ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا تعلیم کے میدان میں خود کفیل ہوئے بغیر ترقی اور خوشحالی کی منازل طے نہیں کی جا سکتی۔ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی علامہ راغب حسین نعیمی نے بتایا کہ جامعہ نعیمیہ گزشتہ 62 سالوں سے معاشرے میں عشق مصطفوی ﷺ کے فروغ اور قران وسنت کی تعلیمات کوعام کرنے میں مصروف عمل ہے۔مدارس انسانیت کی رشدو ہدایت کے مراکزہیں۔

دینی اداروں میں اسلام کے پیغام امن و محبت،اخوت وبھائی چارہ اوررواداری ومساوات کوعام کیاجارہاہے۔اب تک ہزاروں فرزند اسلام جامعہ نعیمیہ سے سندفراغت حاصل کرکے دنیا بھر میں قرآن و سنت کی تعلیمات انسانوں تک پہنچارہے ہیں۔امن و تعلیم کافروغ اور اتحاد امت کیلئے ہم اپنے آباء کے روشن مشن قوم تک منتقل کرتے رہیں گے۔کامیاب زندگی کیلئے ہمیں کتب بینی کاراستہ اختیارکرنا ہوگا۔