نارتھ ناظم آباد قلندریہ چوک میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 2 اہلکار شہید، 3 زخمی ہوگئے،

دھماکے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 20 مارچ 2015 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ چوک میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے ۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد علاقے قلندریہ چوک کے قریب رینجرز اہلکار گاڑی نمبر GS-8554پر معمول کی گشت پر تھے کہ اچانک ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے رینجرز کی گاڑی کو ٹکر ماری۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا خودکش لگتا ہے۔

(جاری ہے)

دھماکے کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور شہداء کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دھماکے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ اب وہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :