پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتا ،صدر ممنون حسین،

بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں ،امید ہے پاک بھارت سیکریٹریز سطح کے مذاکرات کامیاب ہوں گے ،اچھے اور برے طالبان کی تمیز کئے بغیر کارروائی جاری ہے ، وفد سے گفتگو

جمعہ 20 مارچ 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتا، بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں امید ہے پاک بھارت سیکریٹریز سطح کے مذاکرات کامیاب ہوں گے اچھے اور برے طالبان کی تمیز کئے بغیر کارروائی جاری ہے وہ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے صدر ممنون حسین سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے حالات کی وجہ سے بہت بری طرح متاثر ہوا ہے، بعض لوگوں نے قبائلی علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں جا کر لوگوں کو گمراہ کیا۔ پولیو کے علاوہ داخلی انتشار نے بھی پاکستان کو متاثر کیا۔

(جاری ہے)

ان حالات میں پاکستان ہمدردانہ طرز عمل کا مستحق ہے لیکن عالمی برادری اس حوالے سے اتنا ہمدردانہ رویہ نہیں رکھتی جتنا اسے رکھنا چاہئے۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ ایک تھنک ٹینک کی طرح کام کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اچھے برے طالبان کی تمیز کے بغیر کارروائی جاری ہے۔ وفد میں شامل بھارتی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہمسایوں سمیت تمام ملکوں سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیکریٹریز سطح کے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتی حکومت کو نیک خواہشات کا پیغام بھی بھجوایا۔