وزیر اعظم کے معاون خصوصی امور خارجہ طارق فاطمی ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے نائب صدر مارٹن فلیشرکی ملاقات

جمعہ 20 مارچ 2015 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی سے ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے نائب صدر مارٹن فلیشر نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کو افغانستان کی تعمیر نو کے عمل کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ یہ عمل اس یقین پر مبنی ہے کہ سلامتی اور اقتصادی ترقی کا باہمی انحصار ہے۔

انہوں نے علاقائی معاشی یکجہتی کے لئے انفراسٹرکچر کے استحکام کی ضررت پر زور دیا۔ سید طارق فاطمی نے پاک افغان اقتصادی تعاون میں اضافہ کے لئے نجی شعبہ اور تاجر برادری کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور علاقائی روابط اور اقتصادی یکجہتی کے مسترکہ مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی اعتماد میں اضافہ اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں افغان قیادت کے ساتھ ذاتی طور پر رابطہ میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی طرف سے اقتصادی تعلقات میں اضافہ کا نیا سیاسی عزم علاقائی معاشی یکجہتی کو بھی فروغ دے گا جس سے افغانستان سمیت تمام شریک ممالک کو فائدہ ہوگا۔ مارٹن فلیشر نے افغان معیشت کے استحکام کے لئے پاکستان کے نمایاں کردار کی تعریف کی اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی اور اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔