سینیٹ میں فاٹا کی4 نشستوں پر انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا ،

مومن خان، تاج محمد، اورنگزیب خان اور سجاد طوری سینیٹرز منتخب

جمعہ 20 مارچ 2015 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) سینیٹ میں فاٹا کی4 نشستوں پر انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے مطابق مومن خان، تاج محمد، اورنگزیب خان اور سجاد طوری سینیٹرز منتخب ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق فاٹا کی 4 نشستوں کے لئے پولنگ صبح 9 سے سہ پہر 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی،جس کے لئے قومی اسمبلی میں فاٹا کے 11 میں سے سات ارکان نے ووٹ ڈالے جبکہ 4فاٹااراکین قومی اسمبلی نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق مومن خان اور سجاد طوری نے6،6، تاج محمداور اورنگزیب خان نے7،7ووٹ لیے دیگر امیدواروں میں ثناء اللہ اور پیر عاقل شاہ نے ایک ایک ووٹ حاصل کیا ۔سینٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے والوں میں غازی گلاب جمال ،ناصر خان ،شاہ جی گل آفریدی،ساجد طوری،بسم اللہ خان ،بلال رحمان اورمسلم لیگ (ن) کے محمد نزیز شامل تھے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی شہاب الدین اور غالب خان کے علاوہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے جمالدین نے بھی الیکشن کا بائیکاٹ کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قیصر جمال پارٹی پالیسی کے باعث ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا ۔

واضح رہے کہ صدارتی حکم نامے سے پھیلنے والے ابہام کے باعث فاٹا سے سینیٹ کی نشستوں پر 6مارچ کو ہونے والا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :