رینجرزاہلکاروں پرخودکش حملہ قابل مذمت ہے،الطاف حسین

جمعہ 20 مارچ 2015 21:58

رینجرزاہلکاروں پرخودکش حملہ قابل مذمت ہے،الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آبادمیں خودکش بم دھماکے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے واقعہ میں دو رینجرزکے اہلکاروں کی شہادت اوردیگراہلکاروں اورراہگیروں کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ طالبان اوردیگرکالعدم تنظیموں کے دہشت گرد اس سے قبل بھی نارتھ ناظم آبادمیں رینجرزکے ہیڈکوارٹراور پولیس و رینجرزکی موبائلوں کونشانہ بناچکے ہیں،آج پھررینجرزکی موبائل کو دہشت گردی کانشانہ بنایاگیاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، الطا ف حسین نے کہاکہ طالبان اورکالعدم تنظیموں کے دہشت گرد عناصرایک طرف رینجرزاورپولیس کونشانہ بنارہے ہیں اوردوسری جانب یہ دہشت گردعناصر مساجد ،امام بارگاہوں ،اسکولوں اوردیگرسرکاری تنصیبات کوبھی مسلسل نشانہ بنارہے ہیں مگریہ امرافسوسناک ہے کہ ان طالبان اورکالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی سرکوبی کرنے کے بجائے ایم کیوایم کونشانہ بنایاجارہاہےاورایم کیوایم کے بے گناہ عہدیداروں اور کارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے۔

(جاری ہے)

الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے خلاف کارروائیوں کے بجائے ریاستی اداروں اورشہریوںکو دہشت گردی کانشانہ بنانے والے کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ الطا ف حسین نے خودکش بم دھماکے میں شہیدہونے والے رینجرزکے اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیااورزخمی اہلکاروں اورراہگیروں کی صحتیابی کیلئے دعاکی ۔