بیمار، مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، گھناؤنے جرم سے منسلک ایسے افراد کو کیفرکردار تک پہنچاکر دم لیں گے ،

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی محکمہ لائیوسٹاک محمد ارشد جٹ کا بیان

جمعہ 20 مارچ 2015 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی محکمہ لائیوسٹاک محمد ارشد جٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ لائیوسٹاک اور ضلعی حکومتیں غیرقانونی مذبحہ خانے چلاکر بیمار، لاغر اور مردہ جانوروں ، گدھے کاگوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری کئے ہوئے ہے اوراس گھناؤنے جرم سے منسلک ایسے افراد کو کیفرکردار تک پہنچاکر دم لیں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک نے مستقل بنیادوں پر اس جرم کے خاتمہ کیلئے ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک افسران اور ضلعی حکومتوں کی مدد سے بھرپور مہم چلانے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ گدھوں اور دیگر جانوروں کا گوشت عام قصابوں کی دکانوں پر فروخت کے علاوہ تکہ ، کباب ، برگر اور قیمہ سے بننے والی دیگر اشیاء میں شامل کیا جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ حرام گوشت کی روک تھام کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے اور عوام الناس کو مضر صحت گوشت کھلانے والے اپنے گھناؤنے فعل پرقانون کے شکنجے سے ہر گز نہ بچ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :