کراچی بم دھماکے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے، ملزمان قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے، وزیراعلیٰ سندھ،

کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم اور بھتہ خوری پر کنٹرول کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کے سر ہے اغواء کی وارداتیں زیرو پر آگئی ہے

جمعہ 20 مارچ 2015 21:32

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی بم دھماکے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور ملزمان قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم اور بھتہ خوری پر کنٹرول کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کے سر ہے اغواء کی وارداتیں زیرو پر آگئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانی پور میں سابق وفاقی وزیر پیر آف رانی پور مرحوم پیر عبدالقادر شاہ جیلانی کی بیوہ کے انتقال پر ان کے فرزندوں رکن سندھ اسمبلی پیر فضل حسین شاہ جیلانی،پیر محمد تقی شاہ جیلانی عرف راجہ شاہ،پیر ظہور احمد شاہ عرف ابل شاہ جیلانی، پیر سید پیار علی شاہ جیلانی اور دیگر لواحقین سے تعزیت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شا ہ نے مزید کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور کراچی میں بڑے واقعات ہونا بند ہوگئے ہیں جس کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو پر امن اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے جس میں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اغوا سمیت دیگر جرائم کی روک تھام کیا گیاہے اور پولیس سخت محنت کررہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں آج ہونے والے دھماکے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو دھماکے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا دہشت گردی پر کنٹرول کے لیے وفاق کے ساتھ سندھ حکومت بھرپور اقدامات اور کوششیں بروئے کار لارہی ہے ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شامل نہ ہونے والے فیصلے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے پر موجودہ حالات کی روشنی میں پارٹی پالیسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا بعد میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خیرپور پہنچ کر لقمان ریلوے پھاٹک کے قریب اوور ہیڈ برج کا معائنہ کیا۔

اس موقع پرمعاون خصوصی امتیاز ملاح ،کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی،ایس ایس پی خیرپور ناصر آفتاب ، مظہر علی خان،امام ڈنو ملاح کے علاوہ دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :