پاکستان اسٹیل کیلئے55 ہزار میٹرک ٹن ”آئرن اوور(فائن)“ کا بحر ی جہاز پورٹ قاسم کی جیٹی پر لنگر انداز ہو گیا ہے ،

ترجمان اسٹیل ملز پاکستان کا بیان

جمعہ 20 مارچ 2015 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) ایم وی جو سو او کو جن زہونامی بحری جہاز ساؤتھ افریقہ (South Africa ) سے پاکستان اسٹیل کے لئے 55 ہزار میٹرک ٹن خام مال آئرن اوور(فائن) لے کر پاکستان اسٹیل کی جیٹی پورٹ قاسم پرلنگر انداز ہو گیا۔ خام لوہے کی پاکستان اسٹیل اسٹاک یارڈ میں ترسیل کا کام خود کار کنویئر بیلٹ کے ذریعے شروع کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے منظور شدہ مالیاتی پیکیج 18ارب50 کروڑ روپے کی بدولت پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ، خام مال کی مسلسل درآمد کا انتظام کررہی ہے تاکہ پیداواریت میں روز افزوں اضافہ کے ساتھ مقررہ پیداواری اہداف حاصل کئے جاسکیں۔

تفصیلات کے مطابق اس وقت پاکستان اسٹیل کے اسٹاک یارڈ میں مذکورہ بحری جہاز کی آمد سے آئرن اوور کا ذخیرہ 1 لاکھ میٹرک ٹن ہوگیا ہے ،جبکہ 1 لاکھ50 ہزار میٹرک ٹن میٹالرجیکل کول کا ذخیرہ بھی موجود ہے جو کہ زیر استعمال ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایک اور بحری جہازمیٹالرجیکل کول (کوئلہ )لے کر اسی ماہ پاکستان اسٹیل کی جیٹی پر لنگر انداز ہوگا۔ ترجمان پاکستان اسٹیل نے کہا کہ پاکستان اسٹیل میں خام مال کی مسلسل درآمد کی بدولت ادارے کی پیداواریت میں روزمرہّ اضافہ ہورہا ہے جس سے پاکستان اسٹیل مقررہ پیداواری اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔

رواں ماہ مارچ2015 ء میں پاکستان اسٹیل کے پیداواری کارخانوں سے سالانہ 11 لاکھ ٹن پیداواری استعداد کے مطابق ابتک اوسطً تقریباً50 فیصد پیداوار حاصل کی جا چکی ہے اور اس مہینے میں حکومتی مقررہ پیداواری ہدف 60 فیصد کے قریب حاصل کرنے میں کامیابی یقینی ہے۔اگلے ہفتے انشاء اللہ60 فیصد کی پیداوار کے ساتھ ECC کی میٹنگ میں بقایا ایک مہینے کی تنخواہ اور دوسرے اخراجات کے لئے جائیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔

پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان ، ہلال امتیاز(ملٹری) نے ادارے کے تمام ملازمین کی شب و روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ حکومتی مالیاتی پیکیج کی بروقت حصولی کے ساتھ ساتھ درآمدی خام مال کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنارہی ہے تاکہ مقررہ پیداواری اہداف کو حاصل کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :