کے پی ٹی میں جماعت اسلامی کی حمایت یافتہ یونین کی کامیابی مزدوروں کے اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے ،حافظ نعیم الرحمن،

ریفرینڈم کے نتائج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ایمپلائز یونین کے بغیر کوئی یونین سی بی اے نہیں بن سکتی ،استقبالیے سے خطاب ایمپلائز یونین کی حمایت اور مزدوروں کے اتحاد و یکجہتی کے باعث ہی کے پی ٹی میں دہشت گردو ں کی شکست ممکن ہو ئی

جمعہ 20 مارچ 2015 21:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے پی ٹی میں جماعت اسلامی کی حمایت یافتہ یونین کی کامیابی مزدوروں کے اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے ،کے پی ٹی ایملائز یونین کی جانب سے کے پی ٹی ورکرز یونین کی حمایت کے فیصلے کے دورس اثرات مرتب ہو ں گے ۔ریفرنڈم نے ثابت کردیا ہے کہ کے پی ٹی میں ایمپلائز یونین کی حمایت کے بغیر کوئی یونین سی بی اے یونین نہیں بن سکتی ۔

ایمپلائز یونین کے لیے ریفرنڈم میں اس کی حمایت یافتہ یونین کی کامیابی سے بڑی کامیابی 25فیصد سن کوٹے کی منظوری ہے اور اسی جدو جہد کے باعث کے پی ٹی ایمپلائز یونین کی پذیرائی اور حمایت میں اضافہ ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں کے پی ٹی ایمپلائز یونین کے عہدیداران اور ورکروں کے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

استقبالیے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد ،این ایل ایف کراچی کے صدر خا لد خان ،کے پی ٹی ایمپلائز یونین کے چےئر مین امداد علی جتوئی ،یونین کے صدر اور سن کوٹہ بحالی تحریک کے سر براہ لالہ نذیر خان ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری آصف مقدم ،اور جنرل سیکریٹری مناظر الحسن نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء مظفر احمد ہاشمی ،اسامہ رضی ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،امرائے اضلاع منعم ظفر خان ،عبد الواحد شیخ ،یونس بارائی ،عبد الرزاق خان ،محمد اسلام ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الر حمن نے ایمپلائز یونین کے عہدیداروں اور ورکروں کو شاندار جدو جہد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ کی فتح کا یہ سفر انشاء اللہ جا ری رہے گا ۔جماعت اسلامی مزدوروں کی حمایت اور تعاؤن جا ری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایمپلائز یونین کے دانشمندانہ فیصلے کے نتیجے میں ہی کے پی ٹی کے اندر سے دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کو شکست ممکن ہو سکی ورنہ اس ادارے پر ان کا قبضہ بر قرار رہتا ۔

اگر مزدوروں کے درمیان اتحاد نہ ہو تا تو یہ کامیابی حاصل نہ ہو تی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مزدوروں کے دکھ اور درد کو سمجھتی ہے اور سراج الحق کی قیادت میں مزدوروں کی حمایت جا ری رکھے گی ۔بر جیس احمد نے کہا کہ ایمپلائز یونین نے ادارے میں پیش قدمی کی ہے اور یہ پیش قدمی جا ری رہے گی اور مستقبل میں مزید کامیابیاں ملیں گی ۔خالد خان نے کہا کہ ایمپلائز یونین کے عہدیداران اور ورکروں نے یونائیٹڈ ورکرز یونین کی حمایت کے فیصلے پر جس یکسوئی کا اظہار کیا اس پر ہم ان کے شکر گذار ہیں ۔

این ایل ایف اور جماعت اسلامی نے سن کوٹے کی بحالی کی تحریک میں جس طرح ساتھ دیا ہے آئندہ بھی تعاؤن جا ری رہے گا ۔امداد علی جتوئی نے کہا کہ ہم نے اپنے فیصلے سے ادارے میں دہشت گردوں کو شکست دی ہے ۔ ہمارا مقصد بڑا مقصد ہے اور ہم اس مقصد میں ضرور کامیاب ہو ں گے ۔لالہ نذیر نے کہا کہ ایمپلائز یونین نے نہ صرف کے پی ٹی کے اندر بلکہ کراچی میں نئی تاریخ رقم کی ہے اور جس طرح25فیصد سن کوٹہ بحال کرایا ہے یہ مزدوروں کی تاریخی فتح ہے ،سن کوٹے کی بحالی اور کے پی ٹی کے اندر ایمپلائز یونین کے حمایت یافتہ یونین کی کامیابی مزدوروں کے اتحاد اور یکجہتی کانتیجہ ہے۔

متعلقہ عنوان :