سردار مہتاب کی ئمقام گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات،مختلف امور پر تبادلہٴ خیال،

گورنر پنجاب صوبے میں جاری حکومتی کارکردگی کے ساتھ ساتھ فاٹا کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو عالمی سطح پر مستحق مقام حاصل ہو گا، گورنر خیبر پختون خوا ہ

جمعہ 20 مارچ 2015 20:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب احمد خاں نے جمعہ کے روز لاہور کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران انہوں نے قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال خاں سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال کے علاوہ فاٹا میں امن وامان اور بالخصوص ٹی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختون خواہ سردار مہتاب احمد خاں نے اپنے ہم منصب کو صوبے میں جاری حکومتی کارکردگی کے ساتھ ساتھ فاٹا کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لارہی ہے۔ گورنر خیبر پختون خواہ نے کہا کہ پاکستان کا ایک ایک فرد دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور انشاء اللہ موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام دلانے میں ضرور کامیاب ہوگی جس کا وہ مستحق ہے۔

(جاری ہے)

قائمقام گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہم سب کی اولین ترجیح ہے اور یہ بات انتہائی خوش آئند اور قابل ستائش ہے کہ فاٹا سمیت پورا ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک نقطہٴ نظرپر کھڑا ہے۔قبل ازیں، اپنے دورہ لاہور کے دوران گورنر خیبر پختون خواہ سردار مہتاب احمد خاں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس لاہور میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ مختلف قومی اور صوبائی معاملات خاص کر قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور ٹی ڈی پیز کی واپسی کے عمل میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ گورنر خیبر پختون خواہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صوبے اور فاٹا میں امن و امان، اور قبائلی علاقوں سے ٹی ڈی پیز کی فوری واپسی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

گورنر سردار مہتاب احمد خاں نے فاٹا میں امن و امان کے استحکام سمیت ٹی ڈی پیز کے مسائل کے حل اور ان کو سہولیات کی فراہمی سمیت با لخصوص ان کی واپسی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر سردار مہتاب نے کہا کہ جب بھی قبائلی عوام پر مشکل وقت آیا پنجاب نے ہمیشہ بڑا بھائی ہونے کا ثبوت دیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ قبائلی علاقوں سے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی باعزت واپسی کا عمل سولہ (16)مارچ سے شروع ہو چکا ہے جبکہ مارچ کے مہینے تک تین ایجنسیوں میں ٹی ڈی پیز کی اپنے اپنے گھروں کو واپسی شروع ہو جائے گی۔ سردار مہتاب احمد خاں نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح اب بھی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پنجاب کے عوام سمیت پوری قوم اس موقع پر اپنے قبائلی عوام کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم اور حکومت پُر عزم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ گورنر خیبر پختون خواہ کا ٹی ڈی پیز کی واپسی و بحالی کو یقینی بنانے کے لئے، فاٹا میں امن و مان کے استحکام اور قبائلی علاقوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور خاص طور پر بے گھر افراد کی فوری اور باعزت واپسی کے عمل کو گورنر خیبر پختون خواہ سردار مہتاب احمد خاں کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔

گورنر خیبر پختون خواہ نے کہا کہ پورے ملک کی تعمیر و ترقی اور امن و استحکام کا راستہ قبائلی علاقوں سے ہوکر گزرتا ہے اور اس ضمن میں موجودہ حکومت فاٹا میں امن و امان کے استحکام کے لئے پُرعزم ہے اور انشا ء اللہ بہت جلد یہ خطہ امن و خوشحالی کا گہوارہ ہوگا۔