جماعت اسلامی کی دوروزہ تربیت گاہ برائے امراء اور سیکرٹریز 21مارچ کوپشاور میں شروع ہوگی،

شیڈول کے مطابق تربیت گاہ کے شرکاء سے مرکزی امیر سراج الحق کے علاوہ مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے

جمعہ 20 مارچ 2015 20:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی کی دوروزہ تربیت گاہ برائے امراء اور سیکرٹریز 21مارچ ہفتہ کے روز سے المرکز اسلامی پشاور میں شروع ہورہی ہے۔ تربیت گاہ میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے تمام ضلعی ، ایجنسیز ، زونل اور مقامی امراء اور سیکرٹریز شرکت کریں گے۔ تربیت گاہ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا اوراختتام 22مارچ کو ہوگا۔

جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان کو ناظم اجتماع مقرر کیا گیاہے۔جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تربیت گاہ کے شرکاء سے مرکزی امیر سراج الحق کے علاوہ مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے جن میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر حافظ محمد ادریس،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان،نائب امراء مولانا محمد اسماعیل،ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، مشتاق احمد خان ، صوبائی سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان ، سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان اور الخدمت فاوٴنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

دوروزہ تربیت گاہ کے لئے المرکز اسلامی میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا محمد اسماعیل ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور نائب امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور مولانا حنیف اللہ نے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر اور شعبہ تربیت کے انچارج مولانا محمد اسماعیل نے کہا کہ موثر اور مضبوط تنظیم کے لئے ہر سطح کے عہدیداروں کی تربیت نہایت ضروری ہے اور جماعت اسلامی کا خاصہ ہے۔ ملک میں اسلامی انقلاب کے لئے سرگرم قیادت کی ہمہ جہت تربیت کا اہتمام وقتاً فوقتاً کیا جاتا ہے اور اسے دینی اور سیاسی بنیادوں پر تیار کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :