Live Updates

فاٹا سے سینیٹ ارکان کا انتخابی عمل مکمل، تاج آفریدی ،اورنگزیب اورکزئی، مومن آفریدی اور سجاد طوری سینیٹر منتخب ،

تحریک انصاف،(ن)لیگ اور جمعیت علماء اسلام (ف) کا انتخابی عمل کا بائیکاٹ ، فاٹا کے سینیٹ الیکشن میں حق کی فتح ہوئی، صدرر، وزیر اعظم، گورنر اور سیاسی پارٹیوں کے شکر گذار ہیں، سینیٹ میں آٹھ ، قومی اسمبلی میں 7 فاٹا اراکین کا مشترکہ پارلیمانی گروپ بنائیں گے، دونوں ایوانوں میں الگ الگ پارلیمانی لیڈر ہوں گے، فاٹا نے ارب پتیوں کو نہیں کھرب پتیوں کو بھی باہر نکال پھینکا، رکن قومی اسمبلی شاہ گل آفریدی کی نو منتخب سینیٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 20 مارچ 2015 18:19

فاٹا سے سینیٹ ارکان کا انتخابی عمل مکمل، تاج آفریدی ،اورنگزیب اورکزئی، ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) ایوان بالاکے فاٹا ممبران کا انتخابی عمل مکمل، فاٹا سے 4اراکین منتخب،تحریک انصاف،(ن)لیگ اور جمعیت علماء اسلام (ف) نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو فاٹا کے سینیٹرز کا انتخابی عمل پارلیمنٹ ہاؤس میں ریٹرننگ آفیسر عثمان علی کے ذریعے ہوا، جس میں بلال الرحمن، ساجد طوری، بسم اللہ خان، ڈاکٹرجی جی جمال، شاہ جی گل آفریدی، ناصر خان اور نذیر خان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

پی ٹی آئی کے قیصر جمال،(ن)لیگ کے شہاب الدین اور غالب خان جبکہ جمعیت علماء اسلام(ف) کے جمال الدین نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق فاٹا کی چارنشستوں پر 36امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، جن میں تاج محمد آفریدی نے 7،اورنگزیب اورکزئی نے 7 جبکہ مومن خان آفریدی اور سجاد حسین طوری نے 6,6 ، عقل شاہ اور ثناء اللہ نے ایک ایک ووٹ لیا۔

(جاری ہے)

فاٹا اراکین اسمبلی نے 28ووٹ کاسٹ کئے جبکہ 16ووٹ بائیکاٹ ہونے کی وجہ سے کاسٹ نہ ہو سکے، نتائج کے اعلان کے بعد ممبر قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے نو منتخب سینیٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر، وزیر اعظم، گورنر اور سیاسی پارٹیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ پانچ مارچ کو بے چینی کی جو صورتحال پیدا کی گئی تھی اس کا خاتمہ ہوا اور آج حق کی فتح نصیب ہوئی، اس کامیابی میں سب کا تعاون سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ایوان بالا میں آٹھ جبکہ اسمبلی میں سات فاٹا اراکین کا مشترکہ پارلیمانی گروپ بنائیں گے، دونوں ایوانوں میں الگ الگ پارلیمانی لیڈر ہوں گے، ماضی میں فاٹا پر داغ لگایا جاتا ہے، اس مرتبہ فاٹا نے ارب پتیوں کو نہیں بلکہ کھرب پتیوں کو بھی فاٹا سے باہر نکال پھینکا، وہ فاٹا پر بزنس اور کرپشن کرنا چاہتے تھے، نو منتخب سینیٹرز بھی عوام کے سامنے جواب دہ ہوں گے کیوں کہ ان کا تعلق ہمارے خاندانوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن اسی وقت ہو جائے تو آج ڈپٹی چیئرمین شپ فاٹا کے پاس ہوتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرایجنسی اور دیگر علاقوں میں آپریشن کی حمایت کرتے ہیں، آپریشن کی وجہ سے حالات بہتر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ نو منتخب سینیٹر تاج محمد آفریدی شاہ جی گل آفریدی کے بھائی اورنگزیب اورکزئی، جی جی جمال کے کزن سجاد حسین طوری ساجد طوری کے بھائی ہیں

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات