کمانڈر سدرن کمانڈکی طرف سے پشتون قبائلی عمائدین کے اعزاز میں ظہرانہ

جمعہ 20 مارچ 2015 17:33

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء )گزشتہ روز کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے پشتون قبائلی عمائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔عمائدین کی قیادت نواب ایاز خان جوگیزئی نے کی ۔اس دعوت کا مقصد موجودہ ملکی حالات اور پشتون علاقوں کا خیبرپختونخواہ اور افغانستان سے متعلقہ بارڈر اور اس کے ممکنہ اثرات کے ساتھ ساتھ علاقہ میں ترقیاتی عمل اور امن وامان کے برقرار کھنے پرتبادلہ خیال کرناتھا۔

مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی سرداروں اور عمائدین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اور اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں کے امن وامان کو بحال رکھنے کیلئے فوج، ایف سی اور دوسرے حکومتی اداروں کاساتھ دیں گے۔ اور انہوں نے کہااگرچہ خیبر پختونخواہ اور فاٹا میں جاری آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں کچھ دہشت گرد بلوچستان کے شمالی علاقوں میں پناہ تلاش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن یہاں کے قبائل اپنے علاقوں میں انہیں ہرگز پناہ نہیں دیں گے۔ اور اپنے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو خراب نہ ہونے دیں گے۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ اگر ہم سب اکٹھے امن کی راہ پر چلیں گے تو بلوچستان ایک مثالی صوبہ بن سکتاہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قبائلی عمائدین اپنے اپنے علاقوں میں تعینات ایف سی اور پولیس سے بہتر روابط استوار کریں تاکہ علاقوں میں امن وامان برقرار کھاجاسکے اور ترقیاتی کاموں میں بھی مدد مل سکے۔کمانڈر سدرن کمانڈ نے سب قبائلی عمائدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی دعوت قبول کی اور دور افتادہ علاقوں سے اس ظہرانہ میں شرکت کی۔