توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے پر عزم ہیں، نواز شریف

جمعہ 20 مارچ 2015 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے پر عزم ہیں‘ توانائی بحران کے خاتمے کا قوم سے وعدہ کیا ہے اسے اپنے دورے حکومت میں ضرور پورا کریں گے‘ 2017ء کے آخر تک 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی نظام میں شامل کر دی جائے گی‘ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں اور جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئی ہے‘ شہر قائد کو پر امن بنانے تک کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز قومی ایوی ایشن پالیسی 2015ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت مواصلات کے ہر شعبے کی ترقی کے لئے تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے نئی پالیسی میں ایوی ایشن سیکٹر پر توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایوی ایشن کی ترقی ملک کی مجموعی ترقی سے منسلک ہے۔ نئی ایوی ایشن پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے جسے 15 سال بعد پیش کیا گیا ہے۔

ملکی معیشت میں ایوی ایشن کا 0.1 فیصد حصہ ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی ائیر لائنز کو جدید بنانا ہمارا عزم ہے۔ پی آئی اے میں اچھے اور برے کی تمیز کرنی ہو گی اور قومی ادارے کو کرپشن سے پاک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ موجودہ ائیرپورٹس کو کشادہ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے ائیرپورٹ تعمیر کرانے کی بھی ضرور ہے۔ ائیرپورٹ کی کمی کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گزشتہ دور حکومت میں ہم نے لاہور ائیرپورٹ کی بنیاد رکھی جس کا سائز آمریت کے دور میں کم کر دیا گیا۔ علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور کی کشادگی کا کام جاری ہے۔ علامہ اقبال ائیرپورٹ کے علاوہ بھی لاہور میں ائیرپورٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی‘ توانائی بحران کے خاتمے اور معیشت کی مضبوطی کے لئے کوشاں ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے چین سے 3000 میگاواٹ بجلی درآمد کی جا رہی ہے جبکہ ایل این جی سے 36 سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اس کے علاوہ نندی پور‘ تربیلا‘ نیلم جہلم پروجیکٹ سے بھی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے 2017ء کے آخر تک نظام میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پر امن ملک بنانے کے لئے ملک بھر سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے اور پاکستان کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کروا کر دم لیں گے۔ شہر قائد کو پر امن بنانے کے لئے بھی تمام جماعتوں کی مشاورت سے آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے موثر نتائج مرتب ہوئے ہیں اور کراچی میں بڑے پیمانے پر جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے جس کا اعتراف کراچی کے شہری خود کرتے ہیں۔ شہر قائد کو پر امن بنانے کے لئے پر عزم ہیں اور دہشتگردی کا صفایا کر کے دم لیں گے۔ تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،شجاعت عظیم ،سیکریٹری ایویشن محمد علی گردیزی ،ارجنٹائن کے سفیر اور ادیگر حکام بھی موجود تھے ۔