بونیر میں حالات بہتر ہیں، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، بریگیڈئر بلال

جمعہ 20 مارچ 2015 16:28

بونیر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) پاک آرمی ملاکنڈ ڈویژن کے انچارج بریگیڈئیر بلال نے کہا ہے کہ بونیر میں حالات بہت بہتر ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔جس میں پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے جوانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔پاک فوج بونیر، سوات اور ملاکنڈ سمیت کراچی میں بھی دہشت گردی کے خلاف سرگرم عمل ہے ،دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ڈگر ضلع بونیر میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ہونے والی شجر کاری مہم 2015ء کے آغاز کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر کسی قسم کی دہشت گردی اور تحریب کاری کے لیے کوئی جگہ نہیں ۔ پاک فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت اور ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ ہے۔

(جاری ہے)

اور جب تک وطن عزیز میں ایک بھی دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کیلئے زندہ ہے پاک فوج ملک اور عوام کے استحکام کے لیے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرے گی۔

تمام اداروں اور عوام کوبھی اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔ پولیس کے ذمہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرنا اور دیگر اداروں کو ملکی معاشی استحکام اورامن کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ مگر ان تمام اداروں کواپنا کردار ادا کرنے میں عوام کی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اور بحیثیت پاکستانی وطن عزیز کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے ہر کسی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اور وہ دن دور نہیں جب انشاء اللہ پاکستان سے دہشت گردی اور تحریب کاری کو جڑسے اکھاڑ کر پھینک دیا جائے گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ا س سے قبل انہوں نے سرکٹ ہاوس میں پودا لگا کر باقاعدہ شجر کاری مہم کا آغازکیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پاک آرمی بونیر کے انچارج کرنل سیف اللہ، ڈی سی بونیر خائیستہ رحمن، اے ڈی سی شہاب خان ، اے سی یاسر علی خان، ڈی ایف او مشتاق احمد ، چیف آفیسر امیر بادشاہ کے علاوہ دیگر فوجی اور سویلین آفسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :