ایم کیو ایم کے 4رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے

جمعہ 20 مارچ 2015 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) ٹارگٹ کلنگ میں ملوث مجرم صولت مرزا کے اعترافی بیان کی ویڈیو کے تناظر میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم )کے چار رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈال دئیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے حیدرعباس رضوی، بابرغوری، قمر منصور اور روٴف صدیقی کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صولت مرزا نے جو اعترافی ویڈیو بیان جاری کیا ہے اس کا کل دورانیہ 16 منٹ کا ہے جبکہ اب تک صرف چھ منٹ کی ویڈیو نشر کی گئی ہے اور بقیہ ویڈیو میں مزید انکشافات کا امکان ہے۔صولت مرزا نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ اس کی سزا اس وقت تک ملتوی کی جائے جب تک وہ مزید انکشافات نہیں کردیتا۔پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ جب کسی سزائے موت کے قیدی کی پھانسی سے چند گھنٹوں قبل اس طرح کی ویڈیو جاری ہوئی ہو اور اس کے ردعمل میں سزا کو ملتوی کیا گیا ہو۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کے بیان کی روشنی میں ایم کیو ایم کے مزید رہنماوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جاسکتے ہیں جن میں ممکنہ طور پر واسع جلیل ، فیصل سبزواری،عبدالرشید گوڈیل اورطاہر مشہدی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :