قومی وملکی سلامتی کے معاملات پر حکومت ، فوجی اسٹیبلشمنٹ ایک صفحے پر ہے، سردار ایاز صادق

جمعہ 20 مارچ 2015 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اور ملکی سلامتی کے معاملات پر حکومت اور فوجی اسٹیبلشمنٹ ایک ہی صفحے پر ہیں ۔ ہم ملک میں امن و استحکام اور انتہا پسندی و دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں کمانڈاینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ایک گروپ سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا سامنا ہے جس سے شہری زندگی اور اقتصادی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں ۔اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں میں اتفاق رائے قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مختلف پارلیمان کے درمیان فرینڈشپ گروپس قائم کردیے گئے ہیں جس کے ذریعے ہم نہ صرف دوسرے ملکوں کی پارلیمان کے تجربات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کرنے سے ان کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔

قومی اسمبلی کے اسٹریٹجک پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں پارلیمانی طرز عمل اور لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کو بطور مضمون پڑھائے جانے کے بھی حتمی انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سادگی کو رائج کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں ہنگامی اصلاحات کی گئیں ہیں ۔

بجلی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے شمسی توانائی کو استعمال کیا جائے گا اور پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہوگی جس کی توانائی کی ضروریات شمسی توانائی سے پوری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈونرز کے ذریعے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو پیپرلیس آفیس کی طرز پر چلایا جائے گا جس سے کاغذ پر خرچ ہونے والے اخراجات ختم ہوجائیں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے قومی اسمبلی اور ملکی صورتحال کے حوالے سے متعدد سوالات کیے جس کا اسپیکر نے بڑی تفصیل کے ساتھ جواب دیا۔ قبل ازیں وفد نے قومی اسمبلی کی کاروائی دیکھی اور پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔