پیرول پر رہائی پانے والے قیدیوں کا ریکارڈ محکمہ داخلہ سندھ سے غائب‘ بیشتر جرائم پیشہ افراد ملک سے فرار ہو چکے ہیں‘ میڈیا رپورٹس

جمعہ 20 مارچ 2015 14:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پیرول پر رہا ہونے والے 35 زیر سماعت قیدیوں کا ریکارڈ محکمہ داخلہ سندھ سے غائب ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 6 اگست 2005ء سے 29 دسمبر 2005ء کے دوران عارضی پیرول پر رہا ہونے والے 35 قیدی رہائی کے بعد سے غائب ہیں۔ ان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔ انہیں قتل‘ اقدام قتل‘ اغواء برائے تاوان‘ ہنگامے‘ غیر قانونی ہتھیار رکھنے سمیت 68 سنگین مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی محکمہ داخلہ اور سندھ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ان 35 زیر سماعت قیدیوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے اور انہیں گرفتار کرنے کی سخت کوشش کی جائے لیکن ریکارڈ کی عدم دستیابی کے سبب انہیں دوبارہ گرفتار کرنے میں پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ یاد رہے کہ ایم کیو ایم اس وقت سندھ حکومت کی اتحادی جماعت تھی اور پرویز مشرف ملک کے حکمران تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خیال ہے کہ بیشتر جرائم پیشہ افراد ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :