صولت مرزا کی پھانسی 90 دن کے لئے رکوانے کی سمری وزیر اعظم کو ارسال

جمعہ 20 مارچ 2015 14:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزارت داخلہ نے صولت مرزا کی پھانسی 90 دن کے لئے رکوانے کی سمری وزیر اعظم کو بجھوا دی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی کی 90 روز کے لئے رکوانے کی سمری وزیر اعظم کو بجھوا دی گئی ہے پھانسی رکوانے کی سمری صولت مرزا کی طرف سے جاری ویڈیو بیان کے تناظر میں بھیجی گئی ہے ۔

درخواست میں وزارت داخلہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ پھانسی سے ایک روز قبل صولت مرزا نے ویڈیو پیغام میں اہم انکشاف کئے ہیں جس حوالے سے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے ۔ صولت مرزا کے بیان کی تفتیش کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو 90 روز درکار ہوں گے لہذا صولت مرزا کی پھانسی 90 روز کے لئے روکی جائے کیونکہ چند دنوں میں موثر تحقیق ممکن نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم وزارت داخلہ کی سمری کا جائزہ لینے کے بعد منظوری دیں گے اور باقاعدہ عملدرآمد کے لئے سمری صدر کو بجھوائی جائے گی ۔ صدر کی منظوری کے بعد صولت مرزا کی پھانسی روک دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے صولت مرزا نے کراچی الیکٹرک کے ایم ڈی شاہد حامد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ اسے 19 مارچ کو قتل کے الزام میں مچھ جیل کوئٹہ میں پھانسی دی جانی تھی جو صولت مرزا کی طرف سے ویڈیو بیان جس میں صولت مرزا نے متحدہ کے قائد الطاف حسین اور بابر غوری پر برائے راست الزام لگایا تھا اور اہم انکشافات کئے تھے جس پر 72 گھنٹے کے لئے صولت مرزا کی پھانسی روک دی گئی تھی اب وزارت داخلہ نے 90 روز کے لئے صولت مرزا کی پھانسی روکنے کی درخواست کی ہے ۔