میرے ساتھ کچھ نہیں ہونے جارہا ہے ‘ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ‘صولت مزا کی بیوی کو تسلی

جمعہ 20 مارچ 2015 12:57

مچھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء)سرائے موت کے قیدی صولت مرزا کے عزیزوں نے کہا ہے کہ مچھ جیل میں ملاقات کے دوران صولت مرزا نے اپنی بیوی سے کہا تھا کہ اس کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کے ساتھ کچھ نہیں ہونے جارہا۔مچھ جیل میں قید پھانسی کے منتظر صولت مرزا کی کزن اور سالی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ صولت مرزا سے ملاقات کے دوران ان کوقیدی کے نئے بیان کی ویڈیو کے حوالے سے علم نہیں تھا۔

انہوں نے کہاکہ صولت مرزا کے نئے بیان کی ویڈیو ٹی وی چینلز پر دیکھائے جانے کے بعد ان کے گھر کو سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے محاصرے میں لے لیا تھاتاہم انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکار یہاں ان کی حفاظت کیلئے ہیں صولت مرزا کی کزن اور سالی نے بتایا کہ صولت مرزا سے مچھ جیل میں ان کی ملاقات جو ان کی جانب سے آخری تصور کی جارہی تھی دو وکلاء کے ذریعے سے کروائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر صولت مرزا کافی جذباتی دیکھائی دے رہا تھا تاہم اس کو خود پر مکمل کنٹرول تھا۔انہوں نے کہا کہ جب ملاقات کا وقت ختم ہوا اور ہم وہاں سے جانے لگے تو صولت مرزا نے اپنی بیوی کو بلا کرکہا کہ وہ زیادہ پریشان نہ ہو میں ٹھیک رہوں گا اوراس کے ساتھ کچھ ہونے نہیں جارہا۔صولت مرزا کے کزن اور سالی نے بتایا کہ اس وقت تک تو وہ سب سمجھے کہ صولت مرزا ان کو حوصلہ دینے کی کوشش کررہا ہے تاہم وہ کچھ ضرور جانتا ہے اور صولت مرزا نے اس وقت نئے ویڈیو بیان کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا۔

انہوں نے کہاکہ وہ نہیں جانتی کہ یہ نیا ویڈیو بیان کہا ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صولت مرزا کے بھائی نے اپنے موبائل فون میں صولت مرزا کے بچپن کی تصاویر دیکھاتے ہوئے کہا کہ صولت مرزا اپنے گیارہ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہے اور وہ بچپن ہی سے ذہین تھا۔انہوں نے بتایا کہ صولت مرزا نے جس وقت سیاست میں قدم رکھا تھا تو وہ گھر سے اکثر غائب رہنے لگا تھا اورجب کبھی گھرآتا تو اپنے غیر سنجیدہ مزاج کے باعث سب کو ہنسنے پر مجبور کردیتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ صولت مرزا نے کراچی جیل میں اپنا ماسٹرز مکمل کیا اور وہاں اس نے بہت سے دوست بھی بنا رکھے تھے۔صولت مرزا کے بھائی نے بتایا کہ اگر جیل میں بھی کوئی اس سے مدد کیلئے رابطہ کرتا تو وہ اس کی مدد کرنے کی ہرممکن کوشش کرتا تھا۔ ایک بار صولت مرزا نے ایک شخص کے خون بہا کی مد میں 12 لاکھ روپے جمع کرکے دیئے اور وہ شخص اس وقت جیل سے باہر ہے۔

کیا وہ اپنے خاندان کی سیکیورٹی کیلئے پریشان ہیں کہ جواب میں صولت مرزا کے بھائی نے کہا کہ ہم خطرے سے آگا ہ ہیں لیکن ہمارا خاندان بہت بڑا ہے اور سب اپنی اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔صولت مرزا کے بھائی نے بتایا کہ اس وقت وہ بس یہ جانتے ہیں کے ان کے بھائی کی سزائے موت ملتوی ہوگئی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان کے بھائی کو معافی مل جائے گی اور وہ رہا کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ صولت مرزا بہت کچھ جانتا ہے اور وہ اب خاموش نہیں رہیگا ۔