آصف علی زرداری کی زیر صدارت اجلاس ،سیاسی معاملات اور دیگر امور پر غور،

بدلتی سیاسی صورتحال کا مکمل جائزہ جاری رکھنے ،دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

جمعرات 19 مارچ 2015 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت جمعرات کو بلاول ہاوٴس میں پارٹی رہنماوٴں کا ایک غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا ۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، مختلف صوبائی وزراء اور پارٹی رہنماوٴں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک کی مجموعی صورت حال ،سیاسی معاملات ،سزائے موت کے مجرم صولت مرزا کے انکشافات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال ،پیپلزپارٹی پر عائد کیے گئے الزامات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سابق صدر کراچی میں امن و امان کی صورت حال سے آگاہ کیا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات کا تعین کیا گیا کہ بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال کا مکمل جائزہ جاری رکھا جائے گا اور اس حوالے سے پیپلزپارٹی مشاورت سے پالیسی کا تعین کرے گی اور سیاسی صورت حال پر دیگر جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سابق صدر کو مشترکہ مفادات کی کونسل کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :