میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی، 7 کروڑ کی شراب برآمد، 5 ملزمان گرفتار،

پی ایم ایس اے سمندری حدود میں ہونیوالی ہر قسم کی مجرمانہ کارروائیوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، کموڈر ریحان عزیز ، رواں سال سے اب تک 25 کروڑ سے زائد کی ممنوعہ اشیاء برآمد کی ہیں، مرغوب صدیقی، لیفٹننٹ کمانڈر واجد نواز، حاجی اسلم و دیگر کی میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 19 مارچ 2015 23:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی شراب برآمد، 5 ملزمان گرفتار، تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹم نے کھلے سمندر میں مشکوک لانچ پر چھاپہ مار کر 7 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اعلیٰ قسم کی غیر ملکی شراب برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا کی بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کموڈر ریحان عزیز خان نے کہا کہ ہمیں اطلاع تھی کہ جرائم پیشہ عناصر شراب اسمگل کرنا چاہتے ہیں۔ خفیہ اطلاعات پر سیکورٹی سخت کردی گئی اور مشکوک لانچ نظر آنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سمندری حدود میں ہونے والی ہر قسم کی مجرمانہ کارروائیوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس آصف مرغوب صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈائریکٹر انٹیلی جنس کسٹم لطف اللہ ورک کے حکم پر اسمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ رواں سال سے اب تک پاکستان میری ٹائم سیکورٹی انٹیلی جنس اور کسٹم انٹیلی جنس نے مشترکہ کامیاب کارروائیاں کر کے 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی شراب، ڈیزل اور دیگر اشیاء برآمد کی ہیں۔

انہوں نے پی ایم ایس اے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ایس اے کسٹم انٹیلی جنس کیساتھ ملک دشمن عناصر کیخلاف جہاد کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ سیکورٹی پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی لیفٹننٹ کمانڈر واجد نواز نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ اشیاء کو آج کسٹم کے حوالے کردیا گیا۔ آگے کی کارروائی کسٹم حکام کرینگے۔ اس موقع پر حاجی اسلم، کلیم اللہ، فرحت شاہ، ارشد علی، ایم اے خان کسٹم اور پی ایم ایس اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔