خصوصی عدالت سنگین غداری کیس آرٹیکل 6 میں وفاق کی جانب سے جواب داخل ،سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے عدالتی حکم پر جواب داخل نہ ہوسکا،سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

جمعرات 19 مارچ 2015 23:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) اسلام آباد ہائیکور ٹ میں خصوصی عدالت سنگین غداری کیس آرٹیکل 6 میں وفاق کی جانب سے جواب داخل ،سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے عدالتی حکم پر جواب داخل نہ ہوسکا۔ جمعرات کے روز اسلام آبا د ہائیکورٹ میں خصوصی عدالت کے غداری کیس کے 21 نومبر کے فیصلے کے خلاف سابق و زیراعظم شوکت عزیز،سابق چیف جسٹس آف پاکستان عبدالحمیدڈوگر ،سابق وفاقی وزیرقانون زاہد حامد کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت ہوئی ، جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل آفنان کریم کنڈی اور سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل چوہدری فیصل عدالت عالیہ میں پیش ہوئے جبکہ سابق وزیراعظم شوکت عزیزکے وکیل وسیم سجاد اور عبدالحمیدڈوگر کے وکیل سید افتخارگیلانی عدالت میں پیش نہ سکے ،دونوں وکلاء کے جونیئرعدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سابق صدر پرویزمشرف کے وکیل نے عدالت میں جواب داخل کرانے کے لیے عدالت سے مزیدمہلت طلب کرنے کی استدعاء کردی اورموقف اختیارکیا کہ سابق صدر کے ساتھ رابطہ نہیں ہوسکا۔

عدالت سے استدعاء ہے کہ جواب داخل کرانے کے لیے وقت دیاجائے ۔ جبکہ وفاق کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنر ل نے عدالت میں خصوصی عدالت 21 نومبر کے فیصلے کے خلاف جواب داخل کرادیا۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشر ف کے وکیل کی استدعاء منظورکرتے ہوئے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔